آج سے 4روز بعد حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یومِ شہادت کے موقعے پر سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں عام تعطیل ہوگی۔ سندھ حکومت نے 11 مارچ کو چھٹی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اکابر صحابہ اور اہل بیت میں اعلیٰ درجہ رکھنے والے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی شہادت عالم اسلام کیلئے ایک بڑا سانحہ ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر میں 21رمضان المبارک کو تمام اسکولز، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
دوسری جانب پنجاب کے تعلیمی اداروں میں 11مارچ کو کسی تعطیل کا اعلان سامنے نہیں آسکا۔ وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں نے بھی موسم بہار کی تعطیلات کا اعلان تو کیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تاہم اس نوٹیفکیشن میں بھی 11 مارچ کی تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا۔
وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کیلئے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات کا آغاز 24مارچ سے ہوگا اور 24 سے 27 مارچ تک تمام تر تعلیمی ادارے بند رہیں گے اور اس دوران عید کی چھٹیوں کے آغاز کے باعث وفاقی سرکاری تعلیمی ادارے 30مارچ کو دوبارہ کھلیں گے۔
حکام کے مطابق وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی تعطیلات عید الفطر کی چھٹیوں کے ساتھ ملائی گئی ہیں اور یوں 24 سے 29مارچ تک چھٹیاں ہوں گی۔ 30 مارچ سے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیم و تدریس کا سلسلہ بحال ہوجائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








