ہالی ووڈ اداکار جیسن اسٹیٹم نے گاڑی پر فلسطینی پرچم لگالیا؟ وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر 5 مئی 2026 سے ایک ویڈیو اور تصاویر کا مجموعہ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ہالی ووڈ اداکار جیسن اسٹیٹم (Jason Statham) نے اپنی گاڑی پر فلسطینی پرچم آویزاں کیا ہے تاہم تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ دعویٰ حقیقت پر مبنی نہیں۔ دراصل یہ ویڈیو 2023 کی پرانی فوٹیج ہے اور اس میں نظر آنے والا شخص جیسن اسٹیٹم نہیں ہے۔

آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم نے اس دعوے کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے ویڈیو کے اصل ماخذ تک پہنچنے کیلئے ریورس امیج سرچ اور مختلف کلیدی الفاظ کے ذریعے سرچ کی۔ تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ ویڈیو کو غلط تناظر میں پیش کیا جا رہا تھا۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ 2023 کے آخر سے غزہ جنگ کے بعد دنیا بھر کی متعدد معروف شخصیات جن میں اداکار، موسیقار اور کھلاڑی شامل ہیں، فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ کئی مشہور شخصیات نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور شہریوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا جبکہ کچھ نے اسرائیل کی حمایت یا عمومی طور پر تشدد کی مذمت کی۔ ان خیالات کا اظہار زیادہ تر سوشل میڈیا پوسٹس، عوامی بیانات، فنڈ ریزنگ مہمات اور عوامی تقریبات کے ذریعے کیا گیا۔

یہ دعویٰ اس وقت سامنے آیا جب 5 مئی 2026 کو ترکیے سے تعلق رکھنے والے ایک ایکس صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک شخص اپنی گاڑی پر فلسطینی پرچم لگاتا دکھائی دے رہا تھا۔ پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا کہ مشہور اداکار جیسن اسٹیٹم نے اپنی گاڑی پر فلسطینی پرچم لگا لیا۔ اس پوسٹ کے ساتھ اداکار کی تصویر بھی شامل کی گئی تھی۔ ویڈیو نے تیزی سے مقبولیت حاصل کی اور تقریباً 25 لاکھ ویوز حاصل کیے۔

اسی نوعیت کی ایک اور پوسٹ مختلف ایکس اکاؤنٹس سے بھی شیئر کی گئی جن میں ویڈیو کے ساتھ جیسن اسٹیٹم کی تصاویر شامل تھیں۔ان پوسٹس کو لاکھوں افراد نے دیکھا جبکہ بعض صارفین جنہوں نے خود کو صحافی قرار دیا نے بھی اسی دعوے کے ساتھ ویڈیو شیئر کی بعد ازاں یہی ویڈیو انسٹاگرام اور ایکس پر متعدد دیگر صارفین نے بھی پھیلائی جس سے اس کے ویوز کی تعداد مزید بڑھ گئی۔

دعویٰ بہت زیادہ وائرل ہونے اور فلسطین کے حق میں مشہور شخصیات کی حمایت سے متعلق عوامی دلچسپی کے باعث اس کی باقاعدہ فیکٹ چیکنگ کی گئی۔تحقیق کے دوران یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ آیا کسی معتبر عالمی میڈیا ادارے نے واقعی ایسی کوئی خبر شائع کی تھی کہ جیسن اسٹیٹم نے فلسطینی پرچم والی گاڑی استعمال کی ہو مگر ایسی کوئی مستند رپورٹ نہیں ملی۔ اسی طرح اداکار کے آفیشل انسٹاگرام اور فیس بک اکاؤنٹس پر بھی اس نوعیت کی کوئی ویڈیو یا بیان موجود نہیں تھا۔

ریورس امیج سرچ کے ذریعے اکتوبر 2023 کی ایک ٹک ٹاک ویڈیو سامنے آئی جس میں یہی کلپ شیئر کیا گیا تھا۔ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا تھاکہ اس نے پہلے اپنی گاڑی اچھی طرح دھوئی تاکہ ریلی کیلئے تیار ہو سکے۔ اسکے ساتھ فلسطین کے حق میں ہیش ٹیگز بھی استعمال کیے گئے تھے۔ اس سے واضح ہوا کہ ویڈیو دراصل ایک فلسطین حامی ریلی کی تیاری کے دوران بنائی گئی تھی نہ کہ جیسن اسٹیٹم کی کسی ذاتی سرگرمی کی۔

مزید تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والی جگہ Moo Moo Express Car Wash ہے جو امریکی ریاست اوہائیو کے شہر روم روڈ پر واقع ایک کار واش سینٹر ہے۔ بعد ازاں کلیدی الفاظ کے ذریعے کی گئی سرچ میں اکتوبر 2023 میں اوہائیو کے شہر کولمبس میں ہونے والی فلسطین حامی ریلی سے متعلق مختلف خبریں بھی سامنے آئیں جن میں ایسی گاڑیاں دکھائی گئیں جن پر فلسطینی جھنڈے نصب تھے۔

تحقیق کے دوران اکتوبر 2023 کی کئی میڈیا رپورٹس بھی سامنے آئیں جن میں ترک اور پاکستانی میڈیا اداروں نے اس دعوے کی تردید کی تھی کہ ویڈیو میں موجود شخص جیسن اسٹیٹم ہے۔ ان رپورٹس میں واضح کیا گیا تھا کہ یہ دعویٰ غلط اور گمراہ کن ہے۔

فیکٹ چیک کے مطابق یہ دعویٰ مکمل طور پر غلط ثابت ہوا۔وائرل ویڈیو نہ تو جیسن اسٹیٹم کی ہے اور نہ ہی ان کی گاڑی کی۔ اصل میں یہ ایک فلسطین حامی مظاہرین کی سرگرمی کی پرانی ویڈیو ہے، جو 2023 میں امریکی ریاست اوہائیو میں ہونے والی ریلی سے قبل ریکارڈ کی گئی تھی۔

حوالہ جات

October 21, 2023, TikTok video:

@sitsavorbite

he made sure to wash his car first🥹 #freepalestine #freepalestine🇵🇸❤️ #freepalestine🇵🇸 #palestine #palestinetiktok #fyp #fypシ

♬ الصوت الأصلي – Ramos Hajjaj

Moo Moo Express Car Wash location:

https://moo-moo-express-car-wash-hilliard.wheree.com/

October 25, 2023, Press Network of Pakistan news report:

Famous Hollywood actor Jason Statham put a Palestinian flag on his car

Oct 22, 2023, YouTube video:

Related Posts