لیسٹر: ہمبرسٹون کے سینٹ میری چرچ نے ریورنڈ رفعت زمرد کو سینٹ میری، سینٹ برنباس اور کرائسٹ چرچ تھرنبی لاج میں وِکر مقرر کیا ہے۔ وہ 3 دسمبر 2025 سے اپنی نئی ذمہ داریوں کا باضابطہ آغاز کریں گی۔
چرچ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقامی برادری انہیں خوش آمدید کہنے کے لیے پرجوش ہے اور ان کے ساتھ مسیح کی روشنی میں خدمت کا سفر شروع کرنے کے منتظر ہیں۔
ریورنڈ رفعت زمرد اس وقت گروبی اور ریٹبی بینیفِس میں کیوریٹ کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بشپ آف لیسٹر ڈایوسیز کی جانب سے یہ خبر سننا ان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کے آغاز کے لیے پُرعزم ہیں اور دعا کی درخواست کی ہے تاکہ وہ اپنی نئی برادری کے ساتھ مل کر مسیحی تعلیمات کی روشنی میں خدمت جاری رکھ سکیں۔
چرچ انتظامیہ کے مطابق ریورنڈ رفعت زمرد کی باقاعدہ لائسنسنگ 3 دسمبر کو ہوگی اور اسی روز سے نئی ذمہ داریاں شروع کردیں گی۔ مقامی برادری اور مسیحی حلقوں کی جانب سے اس فیصلے کو مثبت انداز میں سراہا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ ان کی قیادت میں چرچ کی خدمات مزید بہتر اور فعال ہوں گی۔
واضح رہے کہ مسیحی مذہب میں وِکر (Vicar) ایک ایسا مذہبی اور انتظامی عہدہ ہے جو چرچ کی جانب سے کسی مخصوص علاقے یا کلیسیا میں نمائندہ یا نائب کے طور پر مقرر کیا جاتا ہے۔
وکر کا بنیادی کام بشپ کے ماتحت رہتے ہوئے چرچ کے مختلف معاملات کو سنبھالنا اور اس کی ہدایت کے مطابق خدمات انجام دینا ہوتا ہے۔ چونکہ بشپ ایک وسیع علاقے میں اپنی مذہبی اور روحانی ذمہ داریاں ادا کرتا ہے، اس لیے وکر اس کا براہِ راست نمائندہ بن کر کلیسیا اور عوام کے درمیان رابطے کا کردار ادا کرتا ہے۔
وکر چرچ کی مختلف سرگرمیوں کا انتظام کرتا ہے، ان کی نگرانی کرتا ہے اور بشپ کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بناتا ہے۔
برطانیہ میں جنگ عظیم کے شہداء کے یوم یادگار پر پاکستانی خاتون پادری کی قیادت میں مارچ
اس کے ساتھ ساتھ وکر کا ایک اہم فریضہ عام لوگوں کی روحانی اور سماجی ضروریات کا خیال رکھنا بھی ہے۔ وہ چرچ کی عبادات، تقریبات اور دیگر مذہبی سرگرمیوں میں لوگوں کی رہنمائی کرتا ہے اور ان کی خدمت کے ذریعے مسیحی تعلیمات کو عملی طور پر پیش کرتا ہے۔
اس طرح وکر چرچ کے انتظامی ڈھانچے میں نہ صرف ایک نمایاں مقام رکھتا ہے بلکہ بشپ کے اثر و رسوخ کو بھی علاقے میں قائم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ وکر چرچ اور عوام کے درمیان ایک مضبوط پل ہے جو روحانی، سماجی اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








