کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 6 میں واقع ایک بحالیاتی مرکز میں معذور بچے پر استاد کی جانب سے بہیمانہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ادارے نے متعلقہ ٹیچر کو فوری طور پر معطل کر دیا جبکہ واقعے پر مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ آٹزم کیئر اینڈ ری ہیبیلیٹیشن آرگنائزیشن میں پیش آیا، جہاں ایک ٹیچر کو ویڈیو میں معذور بچے پر وحشیانہ تشدد کرتے دیکھا گیا۔
یہ ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد شہری الطاف حسین نے بحالیاتی مرکز کے خلاف پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا۔
مدعی الطاف حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ادارہ معذور بچوں کی تربیت اور بحالی کی سہولت فراہم کرتا ہے مگر خاتون ٹیچر نے نہ صرف اپنے فرائض کی سنگین خلاف ورزی کی بلکہ بچے پر شدید جسمانی تشدد بھی کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے بعد ادارے کی انتظامیہ نے معاملے کو چھپانے اور متعلقہ استاد کو تحفظ دینے کی کوشش کی۔
مار مار کر ہڈیاں توڑ دیں، بجلی کے جھٹکے دیئے اور! کشمور میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کا المناک قتل
الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ بچے پر تشدد کرنے والے استاد اور واقعے کو چھپانے میں ملوث ادارے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد تحقیقات اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








