گھریلو اختلافات کا ہولناک انجام! ماں نے 11 ماہ کے بچے سمیت زندگی کا خاتمہ کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک افسوسناک گھریلو سانحہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان خاتون نے مبینہ طور پر اپنے دس ماہ کے بیٹے کی جان لینے کے بعد خود بھی خودکشی کر لی۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہستیناپورم میں پیش آیا جس سے پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔

پولیس کے مطابق 27 سالہ سشمتا کی شادی چار برس قبل یشونتھ ریڈی نامی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے ہوئی تھی۔ اس جوڑے کا ایک دس ماہ کا بیٹا یشونتھ نندا ریڈی تھا۔ واقعے کے وقت سشمتا کی والدہ للیتا بھی ان کے گھر پر موجود تھیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے میاں بیوی کے درمیان شدید اختلافات چل رہے تھے۔

سشمتا نے شوہر کے دفتر روانہ ہونے کے بعد پہلے اپنے شیر خوار بیٹے کو زہر دیا جس کے باعث بچے کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ اس کے بعد خاتون نے گھر کے کمرے میں پنکھے سے رسی باندھ کر خودکشی کر لی۔

بیٹی اور نواسے کی موت کا صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے سشمتا کی والدہ للیتا نے بھی مبینہ طور پر زہر پی کر خودکشی کی کوشش کی تاہم بروقت طبی امداد کے باعث ان کی جان بچا لی گئی انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

یشونتھ ریڈی جب رات گئے دفتر سے واپس گھر پہنچا تو اس نے دیکھا کہ بیڈروم کا دروازہ اندر سے بند ہے۔ دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونے پر بیوی اور بیٹا مردہ حالت میں پائے گئے جبکہ ساس بے ہوشی کی حالت میں تھیں۔

اطلاع ملتے ہی میرپیٹ پولیس موقع پر پہنچی اور مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ پولیس کو ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ یہ واقعہ گھریلو تنازعات اور ازدواجی مسائل کے باعث پیش آیا۔ حکام کے مطابق تفتیش کے دوران مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

Related Posts