چمن میں ہولناک دھماکا! گیس سلنڈر پھٹنے سے 7 بچے ہلاک، 17 زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

بلوچستان کے سرحدی ضلع چمن کے نواحی علاقے تورپل کے قریب ایک رہائشی مکان میں گیس سلنڈر دھماکے سے ہولناک سانحہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 7 کمسن بچے جاں بحق جبکہ 17 افراد زخمی ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق دھماکا مقامی کاروباری شخصیت حاجی عبدالرشید کے گھر میں پیش آیا۔ زور دار دھماکے سے مکان کا ایک کمرہ مکمل طور پر منہدم ہو گیا اور ملبہ گرنے سے اندر موجود افراد دب گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبے 7 بچوں کی لاشیں نکال لیں۔ زخمی ہونے والے 17 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال چمن منتقل کر دیا گیا، جبکہ شدید زخمی 7 افراد کو مزید بہتر علاج کے لیے کوئٹہ بھیج دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث ہوا جس سے کمرہ زمین بوس ہو گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Related Posts