کراچی کے صنعتی علاقے شیرشاہ سائٹ ایریا میں ایک فیکٹری میں شدید آگ بھڑک اُٹھی جس کے بعد فوری طور پر شہر بھر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچائی گئیں اور آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوششیں شروع کر دی گئیں۔
فائر آفیسر کے مطابق یہ آگ تیسرے درجے کی شدید آگ قرار دی گئی ہے اور فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں بھی روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ صورتحال کو جلد کنٹرول کیا جا سکے۔ شہر بھر کے فائر ٹینڈرز اور اضافی اسناکل بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچیں اور فیکٹری کے آس پاس کے علاقوں کو محفوظ بنایا جائے۔ انہوں نے فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کی بروقت رسائی کے لیے راستے کلیئر رکھنے کی بھی ہدایت دی۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق، فیکٹری میں کپڑا ڈائی کرنے کے لیے کیمیکل موجود ہے اور اس وقت تقریباً 8 سے زائد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی اور ہدایت دی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ریسکیو آپریشن تیز کرنے اور صنعتی یونٹس میں کیمیائی مواد کی حفاظت اور فائر سیفٹی پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت بھی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے بھر کی فیکٹریوں میں موجود تمام خطرناک کیمیکلز کا آڈٹ کیا جائے اور ان کے ذخیرے اور استعمال کا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام اور مزدوروں کی جانوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور فیکٹریوں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








