کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے علاقے ٹمبلر رج میں واقع ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کے المناک واقعے میں مبینہ خاتون حملہ آور سمیت 10 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقامی سیکنڈری اسکول میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسکول کی عمارت سے چھ افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ ایک زخمی شخص اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران راستے میں دم توڑ گیا۔ اس کے علاوہ اسکول کے قریب واقع ایک گھر سے مزید دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
حکام کے مطابق بظاہر ان اموات کا تعلق بھی اسی فائرنگ کے واقعے سے ہے تاہم مختلف مقامات پر پیش آنے والے واقعات کے باہمی ربط کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ مبینہ حملہ آور کی لاش بھی اسکول سے ملی ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ حملہ آور ممکنہ طور پر بھورے بالوں والی خاتون تھی۔ بعد ازاں پولیس نے کہا کہ مشتبہ شخص کی شناخت کر لی گئی ہے تاہم تفتیش مکمل ہونے تک اس کا نام اور صنف ظاہر نہیں کی جائے گی۔ حکام کے مطابق حملہ آور نے فائرنگ کے بعد خودکشی کر لی۔
ریسکیو حکام کے مطابق دو شدید زخمی افراد کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے بڑے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ مجموعی طور پر 27 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ پولیس نے حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار اور متاثرین کی عمروں سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔
یہ واقعہ کینیڈا کی تاریخ میں کسی aسکول پر ہونے والا دوسرا مہلک ترین حملہ ہے۔ اس سے قبل سنہ 1989 میں مونٹریال شہر میں ایسے ایک حملے میں 14 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں بندوق کے حوالے سے قوانین امریکہ سے زیادہ سخت ہیں، جس کی وجہ سے وہاں اس طرح کے حملوں کا امکان کم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








