صومالیہ کی اسٹار اسکائی ایئرلائن کے ایک مسافر طیارے نے تکنیکی خرابی کے باوجود دارالحکومت کے اڈن ایڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر محفوظ لینڈنگ کی کوشش کی لیکن طیارہ رن وے سے ہٹ کر سمندر میں جا گرا تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے۔
ایئرلائن کے حکام نے بتایا کہ پائلٹ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور فوری فیصلہ سازی سے مسافروں کی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
صومالیہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق، طیارے نے موغادیشو سے اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد تکنیکی مسئلے کی اطلاع دی اور لینڈنگ کی درخواست کی تاہم لینڈنگ کے دوران جہاز رن وے پر مکمل طور پر رکنے میں ناکام رہا اور سمندر میں جا گرا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ طیارے کے ایک پروں کا ٹوٹ کر الگ ہونا اور مسافروں کا پانی میں چھلانگ لگانا بھی دیکھا گیا۔ مقامی لوگ جاسیرا بیچ پر موجود تھے جب طیارہ پانی کے انتہائی قریب غیر معمولی طور پر اُڑتا ہوا نظر آیا۔
حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور مسافروں کو محفوظ طریقے سے نکال کر امدادی کارروائی کی۔ ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ ابتدائی طور پر اڈن ایڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا تھا لیکن اب یہ دوبارہ کھول دیا گیا ہے اور معمول کے مطابق پروازیں جاری ہیں۔
ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے ایک جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








