ہمارے فوجیوں کی توہین کیسے کر دی؟ کوپن ہیگن میں ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ہزاروں شہریوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع بیان کے خلاف خاموش احتجاجی مارچ میں شرکت کی۔ یہ مظاہرہ ڈنمارک کی ویٹرنز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقد کیا گیا جس کا مقصد افغانستان جنگ میں نیٹو کے غیر امریکی فوجیوں کے کردار کو کم تر دکھانے والے بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرانا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس احتجاجی مارچ میں آٹھ سے دس ہزار افراد شریک ہوئے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کی تعداد کم از کم دس ہزار تھی۔ سخت سردی کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے فوجیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

یہ احتجاج امریکی صدر کے 22 جنوری کو دیے گئے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان میں یورپی نیٹو افواج محاذِ جنگ میں مؤثر کردار ادا نہیں کر رہی تھیں۔ اس بیان پر نہ صرف ڈنمارک بلکہ دیگر یورپی ممالک میں بھی شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

احتجاجی مارچ کا آغاز کوپن ہیگن کے تاریخی قلعے کاسٹیلیٹ سے ہوا جہاں افغانستان میں جان کی قربانی دینے والے فوجیوں کی یادگار پر ایک مختصر مگر پُراثر تقریب منعقد کی گئی۔ اس کے بعد مظاہرین خاموشی کے ساتھ امریکی سفارتخانے کی جانب روانہ ہوئے۔

ڈنمارک ویٹرنز ایسوسی ایشن کے نائب صدر سورن نڈسن نے بتایا کہ احتجاج کو “NoWords” کا نام دیا گیا کیونکہ ٹرمپ کے بیان پر جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بیان نہ صرف ڈنمارک کے فوجیوں کی قربانیوں کی توہین ہے بلکہ ان مشترکہ اقدار کے بھی خلاف ہے جن کے لیے دونوں ممالک نے مل کر جدوجہد کی۔

مارچ میں سابق فوجی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ عام شہری اور دیگر یورپی ممالک سے آئے افراد بھی شامل تھے۔ کئی مظاہرین فوجی وردیوں میں ملبوس تھے جبکہ بعض نے ڈنمارک کے قومی پرچم اور احتجاجی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے کے دوران کوئی نعرہ بازی نہیں کی گئی اور پورا مارچ خاموشی اور سوگوار فضا میں مکمل ہوا۔

واضح رہے کہ افغانستان جنگ کے دوران 44 ڈنمارک فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ ان کی یاد میں امریکی سفارتخانے کے باہر 44 ڈنمارک پرچم نصب کیے گئے تھے جنہیں بعد ازاں ہٹا دیے جانے پر سفارتخانے کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد میں امریکی سفارتخانے نے معذرت کرتے ہوئے پرچم دوبارہ نصب کر دیے۔

Related Posts