جاپان میں کی گئی ایک حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ باقاعدگی سے سائیکل چلانا معمر افراد کی زندگی کو طول دینے اور ان کی طویل مدتی دیکھ بھال کی ضرورت کے امکانات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو گاڑیاں نہیں چلاتے سائیکل چلانا زیادہ مفید ہے۔
ویب سائٹ “سائنس ڈیلی” پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق محققین نے اس سرگرمی کے طویل مدتی صحت پر اثرات کو سمجھنے کے لیے 2013 سے 2023 تک دس سالوں کے دوران معمر افراد کی سائیکل چلانے کی عادات کا جائزہ لیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ جن معمر افراد نے مطالعہ کے آغاز میں سائیکل کا استعمال کیا، ان میں دوسروں کے مقابلے میں موت یا طویل مدتی دیکھ بھال کی ضرورت کا خطرہ کم تھا۔ یہ بھی واضح ہوا کہ سائیکل چلانے کا سلسلہ جاری رکھنا یا عمر کے آخری حصوں میں بھی اسے شروع کرنا بعد ازاں صحت کے خطرات میں واضح کمی سے منسلک ہے۔
محققین نے 2013 اور 2017 کے درمیان سائیکل چلانے کے رویوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا بھی مطالعہ کیا اور پایا کہ جن لوگوں نے اس عرصے کے دوران اس عادت کو برقرار رکھا یا اسے اپنایا، انہیں نمایاں صحت بخش فوائد حاصل ہوئے۔ بالخصوص ان لوگوں میں جو کار نہیں چلاتے یہ فوائد زیادہ واضح تھے۔
محققین نے کہا ہے کہ سائیکل چلانا محض نقل و حمل کا ایک ذریعہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسا طرز زندگی ہے جو جسمانی سرگرمی اور سماجی میل جول کو فروغ دیتا ہے اور یہ دونوں عناصر بڑھاپے میں جسمانی و ذہنی صحت کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔
یہ مطالعہ معمر افراد کو اس سرگرمی کو اپنانے کی ترغیب دینے اور ان کے لیے مناسب و محفوظ ماحول فراہم کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتا ہے۔ خاص طور پر ایسے وقت میں جب عمر بڑھنے کے ساتھ ڈرائیونگ چھوڑنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








