مشہور گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور ان کے منگیتر ٹریوس کیلسی نے حال ہی میں اپنی منگنی کا اعلان کیا اور اس موقع پر ٹیلر کی منگنی کی انگوٹھی نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ یہ انگوٹھی نہ صرف خوبصورت ہے بلکہ اپنی منفرد طرز اور تاریخی دلکشی کی وجہ سے بھی نمایاں ہے۔
جواہرات کے ماہرین کے مطابق یہ انگوٹھی ایک قدیم طرز کے کشن کٹ ہیرے سے مزین ہے جس کا وزن تقریباً آٹھ سے دس قیراط کے درمیان ہو سکتا ہے۔ نیویارک سے تعلق رکھنے والی جواہرات کی ماہر اسٹیفنی گوٹلیب کا کہنا ہے کہ اس قسم کے قدرتی ہیرے کی قیمت چار سے آٹھ لاکھ ڈالر تک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قدیم ہیرے اپنی منفرد خصوصیات کی وجہ سے دوسروں سے ممتاز ہوتے ہیں، جو انہیں ایک خاص دلکشی عطا کرتے ہیں۔
جواہرات کی ایک اور ماہر اولیویا لینڈو کے مطابق اس قسم کا لمبا کشن کٹ ہیرا فی الوقت سب سے زیادہ مقبول اور پسند کیا جانے والا ڈیزائن ہے تاہم یہ ہیرے بہت نایاب ہیں اور انہیں حاصل کرنا آسان نہیں۔ ٹیلر کی انگوٹھی کا پیلے رنگ کا سونے کا بینڈ بھی اسے منفرد بناتا ہے کیونکہ یہ روایتی پتلی انگوٹھیوں کے مقابلے میں زیادہ نمایاں اور دلکش ہے۔ اس میں ہاتھ سے کی گئی نفیس کندہ کاری اور چھوٹے ہیروں کی موجودگی اسے مزید خوبصورت بناتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ انگوٹھی ٹیلر کے ونٹیج سے متاثرہ انداز سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔ اس کا بیزل سیٹنگ ڈیزائن اسے ایک تاریخی احساس دیتا ہے جو اسے روایتی اور جدید دونوں طرح کی خوبصورتی کا امتزاج بناتا ہے۔ اولیویا کا خیال ہے کہ ہیرے کا وزن شاید پانچ سے سات قیراط کے درمیان ہو کیونکہ اس کی ساخت کی وجہ سے یہ اپنے اصل سائز سے بڑا دکھائی دیتا ہے۔
یہ انگوٹھی نہ صرف ایک جواہر ہے بلکہ ایک منفرد فن پارہ بھی ہے جس کی نقل بنانا تقریباً ناممکن ہے۔ ماہرین کے مطابق ٹیلر کی انگوٹھی کی مقبولیت کے بعد اس قسم کے ہیروں کی مانگ میں اضافہ ہوگا جس سے ان کی قیمتیں بھی بڑھ سکتی ہیں۔ یہ انگوٹھی ٹیلر سوئفٹ کے منفرد انداز اور شخصیت کی عکاسی کرتی ہے جو اسے ایک یادگار تحفہ بناتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








