نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے حج پر جانے کے خواہشمندوں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی کے اس دور میں حج کو آسان اور سستا بنانے کے لیے اس بار حج اخراجات میں نمایاں کمی کی کوشش کریں گے۔
پاکستان بزنس گروپ آرگنائزیشن (PBGO) پنجاب چیپٹر کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ 15 نومبر تک حج پالیسی کا اعلان متوقع ہے۔
انہوں نے اس موقع پر سعودی حکومت کی جانب سے حج کے حوالے سے حسب موقع جاری کی جانے والی ہدایات کے احترام اور ان پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
انیق احمد نے اس بار حج پر جانے کے خواہش مند افراد کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش جاری ہے، ان شاء اللہ آنے والے حج پر اخراجات کی لاگت کم رہے گی۔
انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اس بار عازمین حج زیادہ سے زیادہ سہولت اور راحت کا تجربہ کریں گے اور بہترین سہولیات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ اس بار دیگر سہولیات کے علاوہ عازمین حج کو انٹرنیٹ ڈیٹا کا پیکیج بھی 45 دن کے قیام کے دوران دستیاب ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی وزارت تقریباً 20 دنوں پر مشتمل ایک قلیل مدتی حج پروگرام بھی متعارف کروا رہی ہے، جس میں کم فرصت والے افراد کا خیال رکھا گیا ہے جو اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ وابستگیوں کی وجہ سے 40 دن سے زیادہ قیام کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہر حاجی کو ایک QR کوڈ سے لیس سوٹ کیس ملے گا، جو پورے حج آپریشن کے دوران ان کے سامان اور خود دونوں کی محفوظ ٹریکنگ کو یقینی بنائے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خواتین حجاج کو قومی پرچم سے مزین اسکارف (حجاب) فراہم کیے جائیں گے، تاکہ ان میں نظم و ضبط کو برقرار رکھا جاسکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








