گل پلازہ آتشزدگی پر آج یومِ سوگ: ہر دکان میں کتنے لاکھ کا سامان؟ کل کتنا نقصان ہوا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

گل پلازہ
(فوٹو: ڈان)

کراچی کی ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی پر آج یومِ سوگ منایا جارہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر 90فیصد تک قابو پالیا گیا ہے۔صبح سویرے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی جس سے لرزہ خیز آتشزدگی میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق گل پلازہ میں 30افسران پر مشتمل 6 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو ریسکیو آپریشن کی نگرانی کریں گی جبکہ آگ پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی قابو نہ پایا جاسکا۔ آل صدر الائنس آف مارکیٹ اینڈ مال ایسوسی ایشن نے آج یومِ سوگ کا اعلان کیا تھا۔

یومِ سوگ کے موقعے پر گل پلازہ میں جاں بحق تاجروں کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی جائے گی۔ تاجر رہنما عتیق میر کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں آتشزدگی سے تاجروں کو کم از کم 3ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ ہر دکان مین 25 سے 30لاکھ روپے کا سامان تھا۔

عتیق میر نے کہا کہ شادیوں کا سیزن ہے اور عید قریب ہے۔ حکومت متأثرہ تاجروں کیلئے بولٹن مارکیٹ طرز کے پیکیج کا اعلان کرے۔ شہر میں پیر کے روز یومِ مذمت اور یومِ سوگ منایا جائے گا۔

دکانوں کے سامان کی مالیت

تاجر رہنما عتیق میر کے بیان کے برعکس گل پلازہ میں دکانوں کی تعداد کم و بیش 1200بتائی گئی ہے تاہم دکانیں اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہیں۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں 1200 سے 1500دکانیں موجود ہیں۔ بالفرض اگر ایک دکان کے سامان کا تخمینہ 25لاکھ لگایا جائے تو تمام دکانوں کے سامان کی مالیت پونے 4ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔

تاہم ہر دکان میں موجود سازوسامان کی مالیت کا حقیقی اندازہ لگانا ناممکنات میں سے ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گل پلازہ میں بچوں کے لباس اور جوتوں سے لے کر گفٹ شاپس اور کراکری سے لے کر الیکٹرانکس تک ہر قسم کے سازوسامان پر مشتمل دکانیں موجود رہی ہیں اور بعض دکانوں میں سامان کی مالیت چند لاکھ تو بعض میں 50لاکھ سے بھی زائد ہوسکتی ہے۔

Related Posts