پجاب کے ضلع چکوال کی تحصیل چوآسیدن شاہ کے علاقے قصبہ دوالمیال میں ایک لرزہ خیز اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا جہاں ایک درندہ صفت شوہر نے اپنی نئی نویلی دلہن کو اپنے ہی دوست کے ساتھ زبردستی زیادتی کا نشانہ بنوانے پر مجبور کیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شوہر اور اس کے شریکِ جرم دوست دونوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
متاثرہ خاتون کی شادی کو صرف دو ماہ گزرے تھے لیکن اس دوران اسے بارہا اپنے شوہر کی غیر انسانی خواہشات کا سامنا کرنا پڑا۔
شوہر اپنی بیوی کو گھر کے اندر قید کرکے اپنے دوست کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کرتا اور انکار کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا۔ متاثرہ خاتون نے اپنی والدہ کو حالات کی سنگینی سے آگاہ کیا اور مدد کی فریاد کی، جس پر معاملہ پولیس تک پہنچا۔
اہلِ خانہ کی شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی بیانات کے مطابق شوہر نے اپنے دوست کو متعدد بار اپنی بیوی پر جبری زیادتی کے لیے اکسایا اور اس گھناونی حرکت کو انجام دیا۔
متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ شادی کے بعد سے ہی اسے نفسیاتی اور جسمانی اذیت کا سامنا رہا اور وہ بارہا اپنی جان کے خوف میں مبتلا رہی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ انتہائی سنگین نوعیت کا ہے اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دی جا سکے۔
اس افسوسناک واقعے نے نہ صرف علاقے میں سنسنی پھیلا دی ہے بلکہ سماجی حلقوں میں بھی شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے گھناونے جرائم میں ملوث افراد کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی عورت اس قسم کی اذیت کا شکار نہ ہو۔
یہ واقعہ ہمارے معاشرتی اور اخلاقی زوال کی ایک تکلیف دہ جھلک ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ خواتین کی جان، عزت اور وقار کی حفاظت کے لیے مزید سخت اقدامات اور فوری انصاف کی ضرورت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








