ایم ڈی کیٹ میں بے ضابطگیاں! سندھ حکومت کا ایم بی بی بی ایس اور بی ڈی ایس داخلہ ٹیسٹ سے متعلق اہم فیصلہ، تمام معلومات

تازہ ترین

تازہ ترین

IBA Sukkur to conduct MDCAT in Sindh
FILE PHOTO

کراچی: سندھ کابینہ نے طبی اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ آئندہ آئی بی اے سکھر کے تحت منعقد کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد داخلہ عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا ہے۔

یہ فیصلہ جمعرات کو ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا، جہاں صوبے کے تمام طبی اور ڈینٹل کالجوں کے لیے یکساں داخلہ پالیسی نافذ کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ پالیسی کے تحت سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے اداروں پر یکساں قوانین لاگو ہوں گے جبکہ داخلوں کی نگرانی محکمہ صحت کے ذمے ہوگی۔

گزشتہ سال سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت پر آئی بی اے سکھر نے ایم ڈی کیٹ ریٹیک امتحان کامیابی سے منعقد کیا تھا، جس میں صوبے بھر سے 38 ہزار 684 امیدوار شریک ہوئے۔

امتحان ایک ہی وقت میں چھ شہروں کراچی، حیدرآباد، جامشورو، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ اور سکھر میں ہوا، جہاں سیکورٹی اور انتظامات کے لیے صوبائی و ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ اداروں کی معاونت حاصل کی گئی۔

فی الحال صوبے کے سرکاری شعبے میں 2550 ایم بی بی بی ایس اور 500 بی ڈی ایس کی نشستیں دستیاب ہیں جبکہ نجی شعبے میں 1441 ایم بی بی بی ایس اور 2025 ڈینٹل نشستیں موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سابقہ ایم ڈی کیٹ میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Related Posts