ٹی 20 ورلڈ کپ! پاکستان 15 فروری کو کولمبو میں بھارت سے میچ کھیلے گا؟ پی سی بی نے حقیقت بیان کر دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطہ کیا تاکہ بھارت کے خلاف قومی ٹیم کے میچ کے بائیکاٹ پر بات چیت کی جا سکے۔

پی سی بی کے ترجمان عامر میر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ میں بھارتی صحافی وکرنت گپتا کے اس دعوے کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہوں کہ پی سی بی نے آئی سی سی سے رابطہ کیا۔ جیسا کہ عام طور پر ہوتا ہے بھارتی میڈیا کے کچھ حصے افواہیں اور بے بنیاد کہانیاں پھیلانے میں مصروف رہتے ہیں۔ تھوڑا صبر کریں، وقت گزرنے کے ساتھ یہ واضح ہو جائے گا کہ اصل صورتحال کیا ہے اور کون دستک دے کر آیا تھا اور کون نہیں۔

یہ بیان بھارتی صحافی وکرنت گپتا کی اس پوسٹ کے جواب میں جاری کیا گیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پی سی بی نے آئی سی سی سے ڈائیلاگ شروع کرنے کے لیے رابطہ کیا اور آئی سی سی کی جانب سے قانونی نتائج کی وارننگ کے بعد بورڈ نے بات چیت کی پیشکش کی۔

پی سی بی نے زور دیا ہے کہ یہ تمام رپورٹس غلط اور بے بنیاد ہیں اور بھارتی میڈیا افواہوں کا شکار ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے T20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف گروپ A کے میچ (15 فروری، کولمبو) کو بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر حال ہی میں تنازعہ کھڑا ہوا تھا۔

Related Posts