اسلام آباد: سرینہ چوک انڈر پاس کے قریب سے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

ایمان مزاری
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرینہ چوک انڈر پاس کے قریب گاڑی روک کر ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سرینہ چوک انڈر پاس کے قریب نامور وکیل اور سماجی رہنما ایمان مزاری کی گاڑی روک لی گئی۔ایک میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہادی علی چٹھہ اور ایمان مزاری کو اسپیشل اسکواڈ نے گرفتار کیا۔

خیال رہے کہ اس وقت عدالت معروف وکیل ایمان مزاری اور ساتھی ملزم ہادی علی کے خلاف متنازعہ ٹویٹ کیس کی سماعت کر رہی ہے۔ ایمان مزاری اور ہاتھی علی چٹھہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار سے ڈسٹرکٹ کورٹ جارہے تھے جب انہیں گرفتار کیا گیا۔

ذاتی حیثیت میں پیشی کا حکم

گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے متنازع ٹویٹس کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو کل ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازع ٹویٹس سے متعلق کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ کر رہے تھے۔

جمعرات کے روز سماعت کے دوران دونوں ملزمان عدالت میں پیش نہ ہوئے، جس پر عدالت نے پہلے ساڑھے گیارہ بجے اور بعد ازاں ڈھائی بجے تک سماعت میں وقفہ کیا۔ دورانِ سماعت جج افضل مجوکہ نے دریافت کیا کہ ملزمان کہاں ہیں؟ جس پر پراسیکیوشن نے بتایا کہ ملزمان جان بوجھ کر اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر کے دفتر میں موجود ہیں۔

سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے عدالت سے یہ استدعا بھی کی تھی کہ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، تاہم جج نے ریمارکس دیے کہ ان کے پاس احکامات جاری کرنے کے مکمل اختیارات موجود ہیں۔

Related Posts