عمران عباس کی ماہرہ خان کے اردو تلفظ کی تعریف، نیلوفر کا نیا پرومو شائقین میں مقبول

تازہ ترین

تازہ ترین

Imran Abbas praises Mahira Khan for her Urdu pronunciation
ONLINE

پاکستانی اداکار عمران عباس نے اداکارہ ماہرہ خان کے اردو تلفظ اور مکالمہ کی ادائیگی کی بھرپور تعریف کی ہے۔

یہ تبصرہ فلم نیلوفر کے حالیہ پرومو کے بعد سامنے آیا جس میں ماہرہ خان اور فواد خان ایک خوبصورت شعری مکالمے یا بیت بازی کے منظر میں دکھائی دے رہے ہیں۔

فلم کے اس پرومو میں دونوں فنکاروں کے درمیان اردو شاعری کا خوبصورت تبادلہ دکھایا گیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔

ماہرہ خان کی لب و لہجے کی روانی، نرمی اور الفاظ کی درست ادائیگی کو نہ صرف مداحوں نے سراہا بلکہ شوبز انڈسٹری کے معروف چہروں نے بھی ان کی زبان پر گرفت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

عمران عباس نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ماہرہ خان کی اردو زبان پر عبور کو قابلِ تعریف قرار دیا اور کہا کہ اُن کی ادائیگی میں وہ وقار اور شائستگی نظر آتی ہے جو کلاسیکی اردو مکالموں کی روح کو تازہ کر دیتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید فلمی دنیا میں اس طرح کی خالص اور نفیس اردو تلفظ کو برقرار رکھنا ایک قابلِ قدر کوشش ہے۔

فلم نیلوفر 28 نومبر 2025 کو ریلیز کے لیے تیار ہے۔ اس فلم میں ایک بار پھر مشہور جوڑی فواد خان اور ماہرہ خان طویل عرصے بعد ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

شائقین کے مطابق یہ فلم نہ صرف اپنی کہانی بلکہ زبان، مکالمے اور جذباتی منظرکشی کے باعث بھی خاصی توجہ حاصل کرے گی۔

Related Posts