اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان حقیقی آزادی کی طرف جارہا ہے، جسے کوئی نہیں روک سکتا۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اسلام آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجسٹریٹ زیبا چوہدری آپ کو بھی ہم نہیں چھوڑیں گے اور آپ بھی کیس کریں گے، شہباز گل پر جس طرح دو دن تشدد کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز گل پر تشدد کرکے انہوں نے سب کو ڈرانے کی کوشش کی ہے، آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کو نہیں چھوڑیں گے اور ان پر مقدمہ کریں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہباز گل پر کیس ہوسکتا ہے تو نواز شریف، فضل الرحمان، خواجہ آصف اور رانا ثنا پر بھی کیس ہوسکتا ہے، ان سب نے اپنی باتوں سے فوج کے ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جب قوم کو بنیادی انسانی حقوق دیئے جاتے ہیں، تو وہ قوم آزاد ہوتی ہے، یہ لوگ جو کررہے ہیں انہوں نے قانون کی دھجیاں اڑادی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ آج پھر کہتا ہوں کہ ان چوروں کو ہم پر مسلط کرنے میں آپ کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان کی حقیقی آزادی کے راستے میں جو آئے وہ بہہ جائے گا۔
مزید پڑھیں:شہباز گل کی نئی ویڈیو پر فواد چودھری کا ردعمل
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








