راولپنڈی: سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈنڈے سے جمہوریت چلائی جارہی ہے، میں آرمی چیف کو خط لکھ کر بتاؤں گا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر سوچنا ہوگا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ آرمی چیف کو اپنے لیے نہیں، ملک کیلئے خط لکھوں گا۔ جمہوریت کی بنیاد اخلاقی معیار ہوتا ہے، اخلاقیات کا فقدان ہو تو جمہوریت نہیں کہلا سکتی۔
بیان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں جس طرح ڈنڈے سے جمہوریت چلائی جارہی ہے، یہ جمہوریت کی تضحیک ہے۔ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل میں 5روز میں دو سزائیں سنا دی گئیں۔ مس کنڈکٹ پر ججج قدرت اللہ اور ابوالحسنات کے خلاف کیس کریں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس بھی اسی رفتار سے چلایا جارہا ہے۔ دیگر سیاستدانوں کو لمبی لمبی تاریخیں ملتی ہیں، ہمارے کیسز میں 1 ہفتے میں تین تین، چار چار پیشیاں لگ رہی ہیں۔ خواہش ہے کہ ہمارا ٹرائل بھی نارمل انداز میں آگے بڑھے۔
عمران خان نے کہا کہ 9 مئی اور 8فروری کے حوالے سے ہماری پٹیشنز کی سماعت نہیں ہورہی۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمارا ٹرائل بھی آصف علی زرداری، نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کے ٹرائل کی طرز پر ہو۔ ہمارے رہنماؤں پر ذاتی حملے کیے جارہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








