فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کیلئے 18 رکنی جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے جس کا مقصد انکم ٹیکس جنرل آرڈر پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں ایف بی آر کے علاوہ پی ٹی اے اور جاز، یوفون اور ٹیلی نار سمیت موبائل فون کمپنیوں کے نمائندوں کو شامل کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا ہے کہ گروپ نان فائلرز کی سمز بند کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کرے گا جبکہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ سم بند کرنے کی بجائے نجی کمپنی کے خلاف کارروائی سے روکنے کا عندیہ دے چکی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا گزشتہ روز کی سماعت کے دوران کہنا تھا کہ آرڈر کے تحت عدالت نے حکومت کو نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے سے نہیں روکا بلکہ نجی کمپنی کے خلاف کارروائی سے روک دیا تھا۔ ایف بی آر نے نان فائلرز کی سم بلاک کرنے کا حکم اپریل کے آخر میں جاری کیا تھا۔
انکم ٹیکس جنرل آرڈر (آئی ٹی جی او) کے تحت ایف بی آر حکم پر پی ٹی اے کو خط ارسال کیا گیا، پی ٹی اے سے ملک بھر کے 5 لاکھ 6 ہزار 671 افراد کی سمز بلاک کرنے کی درخواست کی گئی تھی، سمز بلاک کرنے کے معاملے پر ٹیلی کام کمپنیوں نے بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








