ٹیریان وائٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کی درخواست خارج

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: دنیا نیوز)

اسلام آباد: عدالت  نے ٹیریان وائٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کی درخواست خارج کردی ہے۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر نااہلی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ دلائل دینے کیلئے پیش ہوئے۔

عدالت میں ٹیریان وائٹ کیس کی سماعت کےدوران وکیل نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ یہ معاملہ پہلے طے ہو چکا ہے، فیصلہ ویب سائٹ پر اپ لوڈ بھی ہو چکا، فیصلہ ویب سائٹ سے ہٹانے کے بعد پریس ریلیز کے ذریعے دوبارہ بینچ بنایا گیا جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کون ہیں؟

ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق جہانگیری نے نعیم پنجوتھہ نے سوال کیا کہ آپ کون ہیں؟ آپ اس کیس میں وکیل ہیں؟ اس پر نعیم پنجوتھہ نے بتایا کہ میں پراکسی کونسل ہوں، 6 ججز کے خط میں بھی اس کیس کا ذکر ہے۔عدالت نے 2 ججز کا ذکر کیا جو کیس پر رائے دے چکے ہیں۔

سماعت کے دوران حامد علی شاہ نے کہا کہ یہ دو ججز کی رائے تھی، چیف جسٹس کے اس فیصلے پر دستخط نہیں تھے۔جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ 2 ججز نے درخواست کو قابلِ سماعت قرار نہیں دیا۔ چیف جسٹس خود کو بینچ سے الگ کرچکے تھے، ایک دستخط نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا۔

جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ درخواست خارج ہوچکی، اس میں ریلیف کیسے دیا جائے؟ وکیل درخواست گزار حامد علی شاہ نے کہا کہ مجھے معاونت کیلئے وقت دیا جانا چاہئے۔ فیصلہ دیکھ کر معاونت کرسکتا ہوں۔ جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ 2 ججز اپنا فیصلہ دے چکے تھے۔

ریمارکس کے دوران جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ 2 ججز نے جو فیصلہ دیا وہ آج سربمہر لفافے میں سب کے سامنے کھولا گیا۔ عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست پہلے ہی اسلام آباد ہائیکورٹ کا بینچ خارج کرچکا ہے اور پہلے ہی اکثریتی فیصلہ آچکا ہے۔

Related Posts