اسلامی نظریاتی کونسل کے نئے چیئرمین ڈاکٹر راغب نعیمی کون ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا۔

اس سلسلے میں وفاقی وزارت قانون و انصاف نے علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ جس کا عکس موقر معاصر جنگ کے شکریہ کے ساتھ ذیل میں ہم پیش کر رہے ہیں۔

علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن
علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن

وفاقی وزارت قانون کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کون ہیں؟

ڈاکٹر راغب حسین نعیمی جامعہ نعیمیہ لاہور کے سربراہ ہیں۔ وہ بریلوی مکتب فکر سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے فکری و عملی اعتدال کے باعث تمام مکاتب فکر میں یکساں احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔

ڈاکٹر راغب حسین نعیمی جامعہ نعیمیہ کے سابق سربراہ علامہ سرفراز احمد نعیمی کے صاحبزادے ہیں، علامہ سرفراز نعیمی بھی اعتدال پسند عالم دین تھے۔

علامہ سرفراز نعیمی کو 2009 میں ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے جامعہ نعیمیہ میں خود کش حملہ کرکے شہید کردیا۔ ان کے بعد سے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی جامعہ نعیمیہ کی سربراہی انجام دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز کی سبکدوشی

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کی حیثیت سے 3 سال کی مدت مکمل ہوگئی تھی۔

اس سلسلے میں اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کی حیثیت سے قبلہ ایاز کا دوسرا دور مکمل ہوگیا، قبلہ ایاز نے اپنے انتظامی اور ریسرچ اسٹاف سے الوداعی ملاقات کی۔

اعلامیے کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے 12 دیگر ممبران کی رکنیت کی مدت بھی مکمل ہوگئی، حافظ طاہر اشرفی، مولانا ضیاء اللّٰہ بخاری، مفتی محمد زبیر کی رکنیت کی مدت مکمل ہوگئی۔

مولانا ابوالحسن الازہری، مولانا جنید امین، علامہ حسین اكبر کی رکنیت کی مدت بھی مکمل ہوگئی، جبکہ  صاحبزادہ محمد حسان، عمیر محمود، حبیب عرفانی کی رکنیت کی مدت بھی تکمیل پائی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مولانا حامد الحق حقانی، مولانا نسیم علی شاہ کی رکنیت کی مدت بھی مکمل ہوگئی۔

Related Posts