فیض حمید کا ڈرامہ مجھے فوجی عدالت لے جانے کیلئے کیاجارہا ہے، عمران خان

تازہ ترین

تازہ ترین

فیض حمید
(فوٹو: آن لائن)

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ سابق سربراہ آئی ایس آئی فیض حمید کا ڈرامہ مجھے فوجی عدالت  لے جانے کیلئے کیا جارہا ہے۔ کوشش کی جارہی ہے کہ ان کو وعدہ معاف گواہ بنالیں۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ یہ سب جانتے ہیں کہ میرے خلاف باقی سارے کیسز فارغ ہوگئے، اب مجھے عسکری عدالت لے جانا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جنرل فیض کچھ نہ کچھ اگل دیں۔ اب یہ جنرل فیض سے کوئی بیان دلوائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ جنرل فیض حمید سے بیان دلوایا جائے گا کہ 9 مئی ایک سازش تھی۔ اگر جنرل (ر) نے میری گرفتاری کا حکم دیا، سی سی ٹی وی فوٹیج چاری کی تو ان کو پکڑیں، مگر سازش کرنے والے جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ نہیں کرتے۔ رجیم چینج ہوا اور مجھے ہی جیل میں ڈال دیا گیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ جنرل (ر) فیض حمید کو ماسٹر مائنڈ قرار دے رہے ہیں، ان کو شرم نہیں آتی کہ یہ جنرل فیض حمید کے بشریٰ بی بی کو ہدایات دینے والی بات کرتے ہیں۔ جنرل باجوہ نے میری کمر میں چھرا گھونپا، نواز شریف سے ڈیل کرکے جنرل (ر) فیض حمید کو عہدے سے برطرف کردیا۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے کوئی فکر نہیں کہ اگر کوئی میرے خلاف گواہی دے۔ جنرل (ر) فیض حمید طالبان کے ساتھ 3سال تک مذاکرات کرتے رہے۔ ان کو ہٹانا نہیں بنتا تھا۔ میں نے جنرل (ر) باجوہ کو بھی ان کو نہ ہٹانے کا کہا تھا۔ اب یہ جو مرضی کریں، ہماری پارٹی آئے روز مضبوط ہورہی ہے۔

Related Posts