پی ٹی آئی پر پابندی جمہوریت ذبح کرنے کے مترادف ہوگی، عمران خان

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: ڈان)

راولپنڈی: بانی تحریکِ انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی جمہوریت ذبح کرنے کے مترادف ہوگی، پارٹی پہلے ہی زیرِ محاصرہ ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق 190ملین پاؤنڈ کرپشن کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ حکومتی اتحاد میں شامل پیپلز پارٹی فارم 47 کی پیداوار ہے۔ پی پی پی سے مذاکرات اسی صورت میں ہوں گے جب میں حکومت سازی کا ارادہ کروں گا۔

گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آزاد اور شفاف الیکشن سے ملک بحران سے نکل سکتا ہے۔ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کے فیصلے پر انہوں نے کہا کہ ایسا اقدام جمہوریت ذبح کرنے کے مترادف ہوگا ، پی ٹی آئی پہلے ہی زیر محاصرہ ہے، اس سے زیادہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں؟

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات کیلئے ملکی مفادات پر سمجھوتہ کرلیا، یہ لوگ کبھی آزاد اور شفاف انتخابات کے خواہش مند نہیں تھے۔ مسلم لیگ (ن) اس وقت تک ججز کی حمایت کر رہی تھی جب تک انہوں نے مریم نواز کو ریلیف دیا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو پہلے ہی مارشل لاء انداز میں چلایا جارہا ہے، سوال یہ ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) سول حکومت کے اوپر کیسے کام کر رہی ہے؟دریں اثناء عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل انتظامیہ پر کڑی تنقید کی۔

بشریٰ بی بی کا بیان

سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی نے گزشتہ برس عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما و سینیٹر بیرسٹر علی ظفر کی طرف سے فون پر ان سے بات نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر علی ظفر اڈیالہ جیل میں پروٹوکول لیتے رہے لیکن عمران خان کیلئے ایک گدے کا بھی بندوبست نہیں کرسکے۔

بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ دورانِ عدت نکاح کے کیس میں بریت کے بعد میں نے نماز ادا کی اور جب میں جیل سے نکل ہی رہی تھی تو نیب کی ٹیم نے ایک نئے کیس میں مجھے دوبارہ گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نئے توشہ خانہ کیس میں زیرِ تفتیش ہیں۔

Related Posts