اسلام آباد: القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار سابق وزیر اعظم عمران خان کو احتساب عدالت میں آج پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جوڈیشل کمپلیکس کی جگہ پولیس گیسٹ ہاؤس میں سماعت کیلئے پیش کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے پیشی کیلئے پولیس گیسٹ ہاؤس کو مقرر کردیا۔
عمران خان کی گرفتاری، جلد لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، شاہ محمود
پولیس گیسٹ ہاؤس سیکٹر ایچ 11 ون اسلام آباد میں واقع ہے۔ وفاقی حکومت نے عمران خان کی پیشی کی جگہ کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ عمران خان کو پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز منتقل کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے رینجرز کے ہاتھوں گرفتار عمران خان کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے راولپنڈی آفس لے جایا گیا تھا، تاہم اب عمران خان کوپولیس لائن لے جایا جاچکا ہے۔
بعض رپورٹس کے مطابق میڈیا کو پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ صرف عدالتی عملہ اور قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم پولیس لائن کے اندر جا سکے گی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کو قومی احتساب بیورو کے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا جس میں نیب حکام احتساب عدالت سے چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








