کراچی: مملکت خداداد پاکستان میں پوری قوم آج اپنا 75واں جشن آزادی بھرپور جو ش و جذبے سے منارہی ہے۔
رات کے 12بجتے ہی لوگ خوشی سے جھوم اُٹھے اور بھرپور آتش بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے، اس موقع پر ملک بھر میں اہم عمارتوں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 توپوں کی سلامی اور صوبائی ہیڈ کوارٹر میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور ترقی اور عوام کی بھلائی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

اتوار کی صبح مزار قائد (قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار) اور مزار اقبال (علامہ محمد اقبال کے مزار) پر گارڈز تبدیل کر دیے گئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے الگ الگ پیغامات میں وطن عزیز کیلئے عظیم قربانیوں کے لئے بانیان پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے نظریہ پاکستان کو برقرار رکھنے اور ملک کو ایک ماڈل اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
انہوں نے بانیان پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے بھرپور محنت کرنے کی اہمیت اور اندرونی تقسیم سے بچتے ہوئے متحد رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کی ڈائمنڈ جوبلی کے لیے 75 روپے کے یادگاری بینک نوٹ کے ڈیزائن کی بھی نقاب کشائی کی۔ مرکزی بینک کے مطابق یہ نوٹ 30 ستمبر سے عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔











گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








