کراچی:نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگزمیں 8 وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز بنالئے، آسٹریلوی کی جانب سے عثمان خواجہ 160اور الیکس کیری 93رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
مچل سٹارک 28اور پیٹ کمنز صفر پر کریز پر موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور ساجد خان نے دو دو، حسن علی، نعمان علی اور بابر اعظم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اتوار کوآسٹریلین بلے باز عثمان خواجہ اور ناتھن لیون نے 251 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے پہلی اننگز کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا، مہمان ٹیم کا مجموعی سکور 304 پر پہنچا تو فہیم اشرف نے ناتھن لیون کو شکار کیا، جس کے بعد 347کے مجموعہ پر ٹریوس ہیڈ بھی ساجد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
ٹریوس ہیڈ کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کے کامیاب بیٹر عثمان خواجہ ھی 160رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین جا بیٹھے اس وقت آسٹریلیا کا مجموعی سکور 360تھا، عثمان خواجہ ساجد خان کا شکار بنے۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ کے بعد الیکس کیری کامیاب بیٹر رہے جنہوں نے 93رنز کی اننگز کھیلی، کیری پاکستانی کپتان بابر اعظم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے اس وقت آسٹریلیا کا مجموعی سکور 503تھا۔
آسٹریلیا کے کیمرون گرین 28اور نیتھن لیون 38رنز بنا سکے اور اس طرح آسٹریلوی ٹیم نے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 505رنز بنا لئے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور ساجد خان نے دو دو، حسن علی، نعمان علی اور بابر اعظم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ قبل ازیں پہلے روز آسٹریلیا کی طرف سے اننگز کا آغاز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر نے کیا تھا۔
بظاہر بیٹنگ وکٹ نظر آنے والی پچ پر دونوں بیٹسمین نے زبردست انداز میں اننگز شروع کی، اس دوران وارنر نے جارحانہ انداز بھی دکھایا تاہم 82 کے مجموعی سکور پروہ فہیم اشرف کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
مزید پڑھیں: کراچی ٹیسٹ، سیکورٹی کے سخت اقدامات کے باعث تماشائیوں کو مشکلات
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








