مسلم ممالک سمیت پوری دنیا میں رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے، بہت سے ملکوں میں 11 مارچ جبکہ کئی ملکوں میں 12 مارچ سے رمضان المبارک کا آغاز ہے۔
مسلمان خواہ مسلم دنیا میں ہوں یا پھر غیر مسلم ممالک میں، اس مہینے میں روزے رکھنے کا اہتمام کرتے ہیں، تاہم جغرافیہ اور موسمی احوال مختلف ہونے کے باعث پوری دنیا میں روزے کا دورانیہ اور ٹائمنگ بھی مختلف ہے، آئیے موقر معاصر اردو نیوز کی درج ذیل رپورٹ میں دیکھتے ہیں کہاں روزہ کے دورانیہ کتنا ہے۔
موقر معاصر اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس سال دنیا کے جنوبی ممالک میں رہنے والے مسلمان تقریباً 12 گھنٹے کا روزہ رکھیں گے جبکہ دنیا کے شمالی حصے میں رہنے والے مسلمان 17 گھنٹے سے زیادہ طویل روزے رکھیں گے۔
انٹرنیٹ ویب سائٹ اسلامک فائنڈر کے مطابق اس سال دنیا کا طویل ترین روزہ 17 گھنٹے 52 منٹ کا ہوگا جو گرین لینڈ کے شہر نیوک میں رکھا جائے گا، جبکہ دنیا میں مختصرترین روزہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں رکھا جائے گا جس کا دورانیہ 12 گھنٹے 42 منٹ ہو گا۔
کس شہر میں کتنا طویل روزہ؟
آئیے دیکھتے ہیں دنیا کے کس شہر میں روزے کا دورانیہ کتنا ہے؟
نیوک، گرین لینڈ: 17 گھنٹے
ریکجاوک، آئس لینڈ: 17 گھنٹے
ہیلسنکی، فن لینڈ: 17 گھنٹے
اوسلو، ناروے: 16 گھنٹے
گلاسگو، سکاٹ لینڈ: 16گھنٹے
ماسکو، روس: 15 گھنٹے
برلن، جرمنی: 15 گھنٹے
ڈبلن، آئرلینڈ: 15 گھنٹے
ایمسٹرڈیم، نیدرلینڈز: 15 گھنٹے
وارسا، پولینڈ: 15گھنٹے
دنیا کے 10 شہر جہاں روزے کا دورانیہ سب سے کم ہو گا
کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ: 12 گھنٹے
پورٹو مونٹ، چلی: 12 گھنٹے
کینبرا، آسٹریلیا: 12 گھنٹے
مونٹیویڈیو، یوراگوئے: 12 گھنٹے
بیونس آئرس، ارجنٹائن: 12 گھنٹے
جوہانسبرگ، جنوبی افریقہ: 12گھنٹے
سیوڈیڈ ڈیل ایسٹ پیراگائے: 12 گھنٹے
برازیلیا، برازیل: 13 گھنٹے
مشرق وَسَطِی میں روزے کا دورانیہ
سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں روزہ 13 گھنٹے 44 منٹ اور اردن کے دارالحکومت عَمان میں 14 گھنٹے 15 منٹ کا ہوگا۔
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 58 منٹ، شام کے دارالحکومت دمشق میں 14 گھنٹے 19 منٹ اور لبنان کے دارالحکوت بیروت میں دورانیہ 14 گھنٹے 17 منٹ ہو گا۔
سوڈان کے درالحکومت خرطوم میں روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 43 منٹ ہو گا، کویت میں 14 گھنٹے 8 منٹ طویل روزہ رکھا جائے گا۔
بحرین کے دارالحکومت منامہ میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے ہو گا۔ اسی طرح سلطنت عُمان کے دار الحکومت مسقط میں 15 گھنٹے اور ایک منٹ بعد روزہ افطار کیا جائے گا۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ کے شہری 13 گھنٹے 59 منٹ طویل روزہ رکھیں گے جبکہ یمن کے شہر عدن میں روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 35 منٹ ہو گا۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں 14 گھنٹے 13 منٹ کا روزہ ہو گا جبکہ لیبیا میں 14 گھنٹے 20 منٹ بعد روزہ افطار ہو گا۔
جنوبی ایشیا میں روزے کا دورانیہ
جنوبی ایشیا کے ممالک پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، افغانستان، بھوٹان، نیپال، مالدیپ اور سری لنکا میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے ہو گا۔
روزے کے دورانیہ میں فرق کی وجہ کیا ہے؟
رمضان کے دوران روزے کا دورانیہ جغرافیہ، طعی حالات، جگہ اور وقت کے لحاظ سے مختلف ہوتا ہے۔ خط استوا کے قریب ممالک، جو نقشے کے درمیان پائے جاتے ہیں، میں روزے کا دورانیہ کم ہوتا ہے کیونکہ سارا سال سورج کی روشنی کی مدت زیادہ مستقل ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر انڈونیشیا اور ملائیشیا جیسے مسلم ممالک میں روزے کا دورانیہ عموماً 13 سے 14 گھنٹے ہوتا ہے۔
خط استوا سے دور شمالی اور جنوبی عرض البلد میں واقع ممالک میں روزے کا دورانیہ طویل ہوتا ہے کیونکہ ان ممالک میں دن کی روشنی کا دورانیہ موسم کے لحاظ سے مختلف ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر ناروے میں گرمیوں کے مہینوں میں جب سورج تقریباً پورا دن نظر آتا ہے تو روزہ 20 گھنٹے سے زیادہ طویل ہوسکتا ہے۔
جن ملکوں میں سورج غروب نہیں ہوتا وہاں کیا ہوگا؟
اردو نیوز کے مطابق دنیا کے شمال میں موجود کچھ ایسے ممالک بھی ہیں جہاں سال کے مخصوص دنوں میں سورج 24 گھنٹے نظر آتا ہے، ایسے ممالک میں مذہبی احکامات ہیں کہ لوگ اپنے روزے کے اوقات کا تعین کرنے کے لیے مکہ، سعودی عرب یا قریب ترین مسلم ممالک کے شیڈول پر عمل کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








