خاتون کی نازیبا تصاویر لیک، ملزم واٹس ایپ کے ذریعے بلیک میل کرنے لگا

تازہ ترین

تازہ ترین

نازیبا تصاویر
(فوٹو: آن لائن)

این سی سی آئی اے نے اسلام آباد میں خاتون کی نازیبا تصاویر لیک ہونے پر ایکشن لے لیا۔ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی  نے خاتون کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ڈیٹا چوری اور تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون نے نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کو شکایت درج کرائی تھی کہ ملزم نے غیر قانونی طور پر اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی۔

نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت رضوان اللہ کے نام سے ہوئی، جس نے خاتون کی تصاویر سمیت دیگر ڈیٹا سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی کے بعد چوری کیا اور واٹس ایپ کے ذریعے قابلِ اعتراض تصاویر ڈسپلے کیں۔

متأثرہ خاتون کی شکایت پر این سی سی آئی اے نے ملزم کے خلاف تفتیش کا آغاز کردیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم پر لگائے گئے الزامات درست نکلے۔ انوسٹی گیشن آفیسر سب انسپکٹر مصباح بتول نے تفتیشی ٹیم کے ہمراہ ملزم کو چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔

بعد ازاں یہ حقیقت بھی سامنے آئی کہ ملزم نہ صرف خاتون کی نازیبا تصاویر ڈسپلے کررہا تھا، بلکہ اس نے خاتون کو موبائل فون کے ذریعے ڈرا دھمکا کر رقم کا مطالبہ کیا اور دھمکی دی کہ اگر رقم نہ دی تو تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کردے گا۔

تفتیش کاروں کا ماننا ہے کہ ملزم پر بلیک میلنگ کا الزام درست ہے جس کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا موبائل فون برآمد کرلیا گیا۔ فون کی تکنیکی تجزیاتی رپورٹ سے جرم کے ثبوت مل گئے۔ واقعے  کے مقدمے میں پیکا ایکٹ 2016 کی دفعات 21 اور 24شامل کرلی گئی ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Related Posts