پاکستان کے نامور کیوسٹ محمد آصف کی ورلڈ گیمز میں اسنوکر میڈل کی امیدیں اس وقت چکناچور ہوگئیں جب بدھ کے روز وہ سیمی فائنل اور کانسی کے میچ میں فتح سے محروم رہے۔
یومِ آزادی سے قبل قوم کے لیے میڈل کا تحفہ جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترنے والے آصف کا سیمی فائنل میں چین کے ژیاو گوڈونگ سے مقابلہ ہوا جو گزشتہ سال ووہان اوپن کے چیمپئن رہ چکے ہیں۔ چینی کھلاڑی نے شروع سے ہی میچ پر گرفت مضبوط رکھی اور 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔ گوڈونگ نے پہلا فریم 80-0 سے جیتا جس میں ان کی 58 رنز کی شاندار بریک شامل تھی جبکہ دوسرا فریم 65-47 سے اپنے نام کیا اور فائنل میں جگہ پکی کی۔
سیمی فائنل میں شکست کے بعد آصف کا اگلا امتحان جرمنی کے ایلکسنڈر ویڈاؤ کے خلاف کانسی کے میچ میں تھا جنہیں وہ گروپ سٹیج میں پہلے ہرا چکے تھے تاہم اس بار ویڈاؤ نے پہلا فریم 70-40 سے جیت کر برتری حاصل کی جس میں ان کی 59 رنز کی بریک نمایاں رہی۔
آصف نے اس کے جواب میں ٹورنامنٹ کا یادگار لمحہ پیش کیا جب انہوں نے شاندار 141 رنز کی کلیئرنس کے ساتھ دوسرا فریم 149-0 سے جیت کر میچ 1-1 سے برابر کردیا۔
فیصلہ کن فریم میں ویڈاؤ نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے آصف کو 78-53 سے ہرا دیا اور کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اس شکست نے پاکستان کے سب سے زیادہ ایوارڈ یافتہ کیوسٹ کو خالی ہاتھ رہنے پر مجبور کردیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








