کولمبو میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے دی۔ بھارتی ٹیم کے 176رنز کے ہدف کے تعاقب قومی کرکٹ ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ صاحبزادہ فرحان صفر، صائم ایوب 6، کپتان سلمان علی آغا 4 جبکہ بابر اعظم 5رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7وکٹس کے نقصان پر 175رنز بنائے، تاہم قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ آغاز ہی سے مایوس کن رہی۔
پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر صاحبزادہ فرحان کوئی بھی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد وکٹس گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ 6کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب جسپریت بمرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد 13 کے مجموعی اسکور پر کپتان سلمان علی آغا جسپریت بمرا کی گیند پر ہاردک پانڈیا کو کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے ابھی 4گیندوں پر 4ہی رنز بنائے تھے۔34 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو اکشر پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
تاہم بعد میں آنے والے بیٹرز عثمان خان اور شاداب خان نے قدرے محتاط بیٹنگ کی اور اسکور کو 34 سے 75تک پہنچایا لیکن عثمان خان اکشر پٹیل کی گیند پر وکٹ کیپر ایشان کشن کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 34گیندوں پر 6چوکوں اور 1چھکے کی مدد سے 44رنز بنائے۔
کچھ ہی دیر بعد 78 کے مجموعی اسکور پرمحمد نواز اور شاداب خان بھی آؤٹ ہوگئے۔ محمد نواز نے 5گیندوں پر 4رنز بنائے جبکہ شاداب خان 15گیندوں پر 14رنز بنانے کے بعد تلک ورما کی گیند پر شیوم دوبے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
وکٹیں گرنے کا یہ سلسلہ جاری رہا اور فہیم اشرف بھی 14گیندوں پر 10رنز بنا کر ورن چکرورتی کی گیند پر رنکو سنگھ کو کیچ دے بیٹھے۔ بولر ابرار احمد کوئی رن بنائے بغیر ورن چکرورتی کی پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔عثمان طارق کوئی رن بنائے بغیر ہاردک پانڈیا کی گیند پر بولڈ ہوگئے جو آؤٹ ہونے والے قومی ٹیم کے آخری کھلاڑی تھے۔
عثمان خان نے سب سے زیادہ 44رنز بنائے، شاہین آفریدی 23رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شاداب خان 14رنز بنا کر نمایاں کھلاڑیوں میں شامل ہوگئے۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم کے ہاردک پانڈیا، ورن چکرورتی، جسپریت بمرا اور اکشر پٹیل نے قومی ٹیم کے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ کلدیپ یادو اور تلک ورما نے ایک ایک وکٹ لی۔
بھارتی ٹیم کا کھیل
اس سے قبل بھارت نے میچ کے پہلے اوور کا آغاز محتاط انداز میں کیا، تاہم پہلے ہی اوور میں کپتان سلمان علی آغا نے ابھیشیک شرما کو آؤٹ کردیا، جن کا کیچ فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے پکڑا۔
تاہم بعد ازاں بھارتی ٹیم نے جارحانہ بیٹنگ شروع کردی اور 15اوورز کے اختتام تک 4وکٹس کے نقصان پر 127رنز بنائے۔ اس دوران وکٹ کیپر ایشان کشن سب سے خطرناک بیٹر رہےجس نے 3چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 40گیندوں پر 77رنز بنائے تھے۔انہیں صائم ایوب نے 9ویں اوور کی چوتھی گیند پر بولڈ کردیا۔
پندرہویں اوور کے دوران صائم ایوب نے 1چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 24گیندوں پر 25رنز بنانے والے تلک ورما کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ یوں 3وکٹس کے نقصان پر بھارت کا اسکور 126 تک پہنچا ہی تھا کہ اگلی ہی گیند پر نئے بھارتی بیٹر ہاردک پانڈیا بابر اعظم کو کیچ اور صائم ایوب کو وکٹ دے بیٹھے۔
بھارت کی پانچویں وکٹ 159کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان سوریا کمار یادو عثمان طارق کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ چھٹی اور ساتویں وکٹ 175کے مجموعی اسکور پر گری جب شیوم دوبے اور اکشر پٹیل بالترتیب 27اور 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
مجموعی طور پر بھارت نے 7وکٹس کے نقصان پر 175رنز بنائے جبکہ پاکستان کے صائم ایوب سب سے کامیاب بولر رہے جس نے 25رنز کے عوض بھارت کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان سلمان علی آغا، شاہین آفریدی اور عثمان طارق نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








