نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی سے انکار کردیا ہے۔ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کی پیشکش مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق ویمنز ٹی 20 کا اگلا ورلڈ کپ بنگلہ دیش میں ہونا ہے، تاہم بنگلہ دیش میں وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو مستعفی ہونے پر مجبور کردینے والے ملک گیر مظاہروں اور امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر آئی سی سی نے بھارت کو پیشکش کی۔
سیکریٹری بی سی سی آئی جے شاہ نے کہا کہ آئی سی سی نے بھارت سے کہا تھا کہ ہم ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کریں۔ ہم نے واضح الفاظ میں انکار کردیا۔ مون سون سر پر ہے اور ہم نے اگلے برس ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کی بھی میزبانی کرنی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے کہا کہ میں ایسا کوئی اشارہ نہیں دینا چاہتا کہ ہم ایک کے بعد دوسرے ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔ ہماری بنگلہ دیش کے کرکٹ حکام سے ابھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بنگلہ دیش کو ویمنز ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی دینے سے متعلق حتمی فیصلہ 20 اگست تک متوقع ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ہم بنگلہ دیش کے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








