راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ جنرل فیض حمید ہمارا اثاثہ تھا، جسے ضائع کردیا گیا ہے۔ اس وقت فوج جنرل فیض حمید سے تفتیش کر رہی ہے جو ان کا اندرونی معاملہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ فوج جنرل فیض حمید سے تفتیش کر رہی ہے جو ان کا اندرونی معاملہ ہے، مجھے اس سے کیا؟ جنرل فیض حمید کا احتساب کیا جارہا ہے، یہ اچھی بات ہے۔
گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ فیض حمید کا احتساب کیا جارہا ہے تو پھر سب کا احتساب کریں۔ آئی بی کی رپورٹ تھی کہ موجودہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان ہر وقت سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے پاس بیٹھے رہتے تھے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے شریف برادران کے کہنے پر سابق سربراہ آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کو ہٹا دیا۔ اس پر میری جنرل باجوہ سے سخت تلخ کلامی ہوئی تھی۔ وزیر دفاع نے جنرل باجوہ کے ایکسٹینشن پر میرے مؤقف کی حمایت کی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل نہ کرکے آئین کی تیسری بار خلاف ورزی کرے گی۔ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ دینے اور آئین کی خلاف ورزی پر ہم پارٹی کو ابھی سے تیار کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








