راولپنڈی: آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سابق سربراہ آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کا کورٹ مارشل جاری ہے جبکہ مزید 3 ریٹائرڈ افسران کو تحویل میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تینوں ریٹائرڈ فوجی افسران کو عسکری نظم و ضبط کے خلاف اقدامات کی وجہ سے تحویل میں لیا گیا۔ مخصوص سیاسی مفادات کی ایما پر اور ملی بھگت سے عدم استحکام کو ہوا دینے کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے بعض ریٹائرڈ افسران اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔بعض افسران کے خلاف ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے سیاسی گٹھ جوڑ کی تحقیقات جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 3 ریٹائرڈ افسران کو لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کے کورٹ مارشل کے سلسلے میں فوجی تحویل میں لیا گیا ہے۔تینوں فوجی افسران ملٹری ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق سربراہ آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کا کورٹ مارشل شروع کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے 3 روز قبل بیان جاری کیا کہ جنرل فیض حمید کو فوجی تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جارہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








