پاکستان کا بائیکاٹ، آئی سی سی کا قانون متحرک، ورلڈ کپ میں بھارت کی قسمت کیسے چمک گئی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان
(فوٹو: آن لائن)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کے دیگر میچز میں شرکت کیلئے گرین سگنل دے دیا، تاہم اس پر آئی سی سی کا قانون متحرک ہوگیا ہے جس کا فائدہ بھارت کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کی صورت میں قومی ٹیم 2 اہم پوائنٹس سے ہاتھ دھو بیٹھے گی۔ پاکستان نے گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کا اعلان کرتے ہوئے بھارت کے بائیکاٹ کا فیصلہ بھی سنایا تھا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی جس کے دوران ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے اصولی فیصلہ ہوا۔ حکام کا ماننا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے خلاف جانبدارانہ فیصلہ کیا۔ پاکستان بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کرنے کا خواہاں ہے۔

دوسری جانب آئی سی سی کا قانون یہ کہتا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران کسی بھی ملک کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کرنے والی ٹیم کو ہی اس بائیکاٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا، جس کے نتیجے میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیل کر پاکستان نہ صرف اپنے 2 پوائنٹس گنوا دے گا بلکہ وہ پوائنٹس بھارت کو مل جائیں گے۔

اس طرح بھارتی ٹیم پاکستان کے خلاف میچ نہ کھیل کر بھی فاتح کی طرح تمام پوائنٹس لے جائے گی۔ اور بائیکاٹ کے نتیجے میں قومی ٹیم کا رن ریٹ بھی بری طرح متأثر ہوگا جبکہ بھارتی رن ریٹ متأثر ہونے کا کوئی خدشہ نہیں۔

آئی سی سی قانون کی شق 16.10.7 کے تحت اگر کوئی ٹیم میچ کا بائیکاٹ کردے تو اس کے نیٹ رن ریٹ کا حساب اس طریقے سے کیا جائے گا کہ اس ٹیم نے 20 اوورز کھیلے ہیں لیکن 0 اسکور کیا، جس کا ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی پر انتہائی منفی اثر ہوگا۔

ماضی میں بھی ورلڈ کپ کے میچز کے دوران قومی ٹیم کی کارکردگی پر سوال اٹھائے جاتے رہے ہیں جو 2009 کے بعد سے کوئی ورلڈ کپ نہیں جیت سکی۔ ایسے میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ قومی ٹیم کو ورلڈ کپ سے باہر بھی کرسکتا ہے۔ تاہم تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔

Related Posts