بھارتی ایوی ایشن سیفٹی پر سوالات کی زد میں! دو مسافر طیارے آپس میں ٹکرا گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

بھارتی داراحکومت نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کو ایک سنگین حادثہ پیش آیا جب اسپائس جیٹ کا ایک طیارہ ٹیکسی کرتے ہوئے اکاسا ایئر کے کھڑے طیارے سے ٹکرا گیا۔ اس ٹکر کے نتیجے میں دونوں جہازوں کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق اسپائس جیٹ کا بوئنگ 737-700 طیارہ (پرواز SG-124) لیہہ سے دہلی پہنچنے کے بعد پارکنگ بے کی طرف جا رہا تھا کہ اسی دوران اس کا دایاں وِنگ لیٹ اکا سا ایئر کے طیارے کے بائیں جانب موجود ہوریزونٹل اسٹیبلائزر سے جا ٹکرایا۔ اکا سا ایئر کا طیارہ اس وقت حیدرآباد جانے والی پرواز QP-1406 کے لیے تیار حالت میں کھڑا تھا۔

تصادم کے باعث اسپائس جیٹ کے دائیں ونگ لیٹ کو نمایاں نقصان پہنچا جبکہ اکا سا ایئر کے طیارے کے پچھلے بائیں حصے میں بھی خرابی واقع ہوئی۔ واقعے کے فوراً بعد دونوں طیاروں کو آپریشن سے ہٹا کر گراؤنڈ کر دیا گیا تاکہ ان کا مکمل معائنہ اور مرمت کی جا سکے۔

اکا سا ایئر کے ترجمان کے مطابق ان کے طیارے کے تمام مسافروں اور عملے کو بحفاظت جہاز سے اتار لیا گیا اور انہیں متبادل پروازوں کے ذریعے حیدرآباد روانہ کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب اسپائس جیٹ کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ان کا طیارہ دہلی ایئرپورٹ پر ٹیکسی کے دوران ایک زمینی حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں دوسرے ایئرلائن کے جہاز کو بھی نقصان پہنچا۔

دونوں ایئرلائنز نے واقعے کی اطلاع متعلقہ حکام کو دے دی ہے جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حفاظتی طریقہ کار میں کسی ممکنہ کوتاہی کا تعین کیا جا سکے۔

یہ واقعہ بھارت کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک پر زمینی نقل و حرکت کے دوران حفاظتی انتظامات پر سخت سوالات کھڑے کر رہا ہے۔

Related Posts