بھارت کے ابھرتے ہوئے نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی نے کرکٹ کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا ہے، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں صرف 52 گیندوں پر سنچری جڑ کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
سیریز کے چوتھے میچ میں، جہاں بھارت نے 55 رنز سے کامیابی حاصل کی، 14 سالہ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلائی بلکہ شائقین کرکٹ کے دل بھی جیت لیے۔
ویبھو نے صرف 78 گیندوں پر 143 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 13 دلکش چوکے اور 10 فلک شگاف چھکے شامل تھے۔ ان کا 183.33 کا اسٹرائیک ریٹ اُن کی غیر معمولی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
یہ یادگار اننگز اس لحاظ سے تاریخی بن گئی کہ ویبھو نے پاکستان کے کامران غلام کا 2013 میں بنایا گیا ریکارڈ توڑ دیا۔ کامران نے انگلینڈ کے خلاف 53 گیندوں پر سنچری بنائی تھی، جب کہ ویبھو نے یہ کارنامہ ایک گیند پہلے یعنی 52 گیندوں پر انجام دے دیا۔
ویبھو سوریاونشی یوتھ ون ڈے میں سنچری بنانے والے دنیا کے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ 14 سال اور 100 دن کی عمر میں انجام دیا، جب کہ بنگلادیش کے نجم الحسین شانتو نے یہ اعزاز 14 سال اور 241 دن میں حاصل کیا تھا۔
ویبھو کی شاندار اننگز نے بھارت کو انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 1-3 کی ناقابل شکست برتری دلا دی۔ نوجوان کھلاڑی کی یہ کارکردگی نہ صرف بھارتی کرکٹ کے روشن مستقبل کی جھلک ہے، بلکہ عالمی سطح پر یوتھ کرکٹ میں نئی تاریخ بھی رقم کر گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








