نسلاً برہمن مگر عقیدتاً حسینی؛ امام حسینؓ سے عقیدت رکھنے والا ہندو طبقہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

عاشورہ کا مہینہ آتے ہی برصغیر کی فضا سوگوار ہو جاتی ہے لیکن اس موقع پر ایک خاص طبقہ ایسا بھی ہے جو ہندو ہوتے ہوئے بھی امام حسینؓ کی یاد میں عزاداری کرتا ہے، ماتم کرتا ہے، اور خود کو “حسینی” کہنے میں فخر محسوس کرتا ہے۔یہ طبقہ ہے حسینی برہمنوں کا جن کی منفرد عقیدت اور تاریخی وابستگی نے ہندو مسلم رواداری کی ایک ناقابل فراموش مثال قائم کی ہے۔

حسینی برہمن ایک ایسا ہندو برہمن گروہ ہے جو نسل در نسل یہ روایت سنبھالے ہوئے ہے کہ ان کے بزرگ، پندت راہب دت، امام حسینؓ کی حمایت میں میدانِ کربلا پہنچے تھے۔ ان کے آٹھ بیٹے جنگ میں شہید ہوئے اور وہ خود امام حسینؓ کے لیے پانی لانے والے دستے میں شامل تھے۔

یہ روایت اگرچہ تاریخی حوالوں میں تفصیل سے نہیں ملتی لیکن برصغیر کے کئی شہروں جیسے لکھنؤ، الہ آباد، دہلی، اجمیر اور جودھپور میں بسنے والے حسینی برہمن اپنے آپ کو اس عقیدے سے جوڑتے ہیں۔

محرم کے مہینے میں یہ برہمن خاندان بھی عزاداری کا حصہ بنتے ہیں، کچھ جگہوں پر وہ تعزیے نکالتے ہیں، علم اٹھاتے ہیں، اور امام حسینؓ کے مصائب کو یاد کر کے آنسو بہاتے ہیں۔

حسینی برہمنوں کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے اجداد پر فخر ہے کہ وہ ظلم کے خلاف کھڑے ہوئے۔ امام حسین صرف مسلمانوں کے نہیں، پوری انسانیت کے امام ہیں۔

تاریخ دانوں کے مطابق حسینی برہمنوں کی عقیدت ایک اہم مثال ہے کہ کربلا کا پیغام کسی ایک مذہب تک محدود نہیں۔ مظلوم کی حمایت، ظلم کے خلاف مزاحمت اور اصولوں پر ڈٹ جانے کا جذبہ ہر انسان کا سرمایہ ہے۔

محرم کے دنوں میں حسینی برہمن مجالس میں شریک ہوتے ہیں، ماتمی جلوس میں حصہ لیتے ہیں، اور بعض اوقات نذر و نیاز بھی تقسیم کرتے ہیں۔ یہ رسمیں کئی نسلوں سے چلتی آ رہی ہیں۔

حسینی برہمن نہ صرف برصغیر کی گنگا جمنی تہذیب کا ایک نایاب رنگ ہیں بلکہ اس بات کا ثبوت بھی کہ کربلا کا پیغام دلوں میں بسنے والی وہ چنگاری ہے جو نسلوں کو روشنی دیتی ہے۔ امام حسینؓ کی قربانی صرف مذہب کا نہیں، انسانیت کا اثاثہ ہے اور حسینی برہمن اس جذبے کے خاموش مگر پُرخلوص امین ہیں۔

یاد رہے کہ مشہور اداکار سنیل دت( اداکار سنجے دت ) کے والد کا تعلق بھی انہی حسینی برہمنوں کے خاندان سے ہے جس کی تصدیق فلمی اداکار منوج کمار نے بھی کی جبکہ نرگس کے والد بھی پہلے حسینی برہمن تھے بعد میں مسلمان ہو گئے تھے۔

Related Posts