لاہور: بھارتی سفارتی عملے کے ارکان اور ان کے اہلخانہ واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے ہیں، بھارتی سفارتی عملے کے ارکان میں سے ایک اہلکار کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا میں کورونا کی انتہائی سنگین ہے، اسی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے انڈین سفارتخانے کے عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے 12 اہلکار اہلخانہ سمیت 22 مئی کو واہگہ کے راستے پاکستان پہنچے تھے۔ اس موقع پر کورونا سے متعلق ہیلتھ سیفٹی پروٹوکولز کا خیال رکھا گیا۔
ترجمان دفتر کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ بھارت سے روانگی پر تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ منفی تھے، تاہم پاکستان پہنچنے پر ایک بھارتی اہلکار کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این سی او سی نے متعلقہ کیس کا بغور جائزہ لیتے ہوئے تمام بھارتی سفارتی عملے اور ان کے اہلخانہ اور ڈرائیورز کو قرنطینہ ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور انہیں احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کا کہا گیا ہے۔