سرینگر: بھارتی فورسز نے گزشتہ روز ضلع بانڈی پورہ کے علاقے سمبل گنستان میں نمازیوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ علاقے میں دو سو سے زائد لوگوں نے لاک ڈاؤن کی پرواہ نہ کرتے ہوئے نمازادا کی۔
پولیس نے بعد ازاں نماز پڑھنے والوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے جواب میں لوگوں نے فورسزاہلکاروں پر پتھراؤ کیا جسکے نتیجے میں چھ فورسز اہلکار زخمی ہو گئے۔ بھارتی پولیس نے اس موقع پر سولہ افراد گرفتار کر لیے۔
جبکہ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک حملے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کے علاقے نیوا میں قائم سی آر پی ایف اور پولیس کے ایک مشترکہ کیمپ پر دستی بم داغا اور فائرنگ کی جس کے باعث اندر کمار نامی ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے حملے کے فوراً بعد علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔