پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم ہائی پروفائل میچ سے انکار کیا تھا، تاہم بھارتی میڈیا نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مذاکرات کررہا ہے جس سے 15فروری کو کولمبو میں شیڈول پاک بھارت میچ ہونے کے امکانات بڑھ گئے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنے طور پر میچ کا فیصلہ کرنے کی بجائے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ پاکستان بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرے گا، تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی پاکستان سے مسلسل مذاکرات کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین ہائی وولٹیج میچ نہ صرف کرکٹ شائقین کیلئے دلچسپی کا باعث ہے بلکہ اس سے بہت سے اسٹیک ہولڈرز کے مالی مفادات بھی منسلک ہیں، پاکستان کو منا لیا جائے تو 15فروری کو میچ ہونا طے ہے۔
اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے بھی کہا تھا کہ ہمارا پاکستان کے ساتھ میچ کولمبو میں شیڈول ہے اور ہم کولمبو جائیں گے۔ میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ پاکستان نے کیا ہے۔ اگر پاکستان میچ کھیلنے کیلئے تیار ہوگیا تو ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کے یکطرفہ فیصلے کے خلاف بنگلہ دیش سے اظہارِ یکجہتی کیلئے کیا جبکہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں جگہ دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا دی ٹیلی گراف کی آن لائن رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان اور آئی سی سی کے مابین بیک چینل مذاکرات ہورہے ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے سامنے کچھ شرائط رکھ دی ہیں تاکہ پاک بھارت مقابلہ طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوسکے۔
رپورٹ کے مطابق جاری مذاکرات کے دوران پاک بھارت میچ پر ڈیڈ لاک برقرار ہے تاہم گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کی مثبت امیدوں میں اضافہ ہوا ہے، واضح رہے کہ تاحال پاکستان نے بھارتی میڈیا کی جانب سے کیے گئے اس دعوے کی تصدیق تاحال نہیں کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








