نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے قرب و جوار میں رہنے والے مسلمان ڈرائیور ساجد علی کی بیٹی ثناء علی سائنسدان بن گئی جسے بھارت میں سائنسی تحقیق کے ادارے اسرو میں فرائض کی انجام دہی کیلئے منتخب کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ثنا علی انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) میں بطور ٹیکنیکل اسسٹنٹ خدمات انجام دیں گی۔ ثنا علی کے والد ساجد علی ہمیشہ سے اسے تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانا چاہتے تھے۔
کرپشن کا الزام، سابق خاتون اوّل کی جائیداد ضبط
بچپن سے ہی پڑھائی کے دوران ذہانت کا مظاہرہ کرنے والی ثنا علی ایس ٹی آئی کالج سے فارغ التحصیل ہیں جہاں سے انہوں نے ایم ٹیک کیا جہاں ان کے والد ڈرائیور کے طور پر فرائض انجام دیا کرتے تھے۔
ساجد علی بعد ازاں لیب اسسٹنٹ بھی بنے تاہم انہیں مخدوش مالی حالات کے پیشِ نظر قرض لے کر بیٹی کی تعلیم کے اخراجات پورے کرنے پڑتے تھے۔ متعدد بار مالی بحران بھی آیا تاہم ساجد علی نے ڈٹ کر تمام مشکل حالات کا سامنا کیا۔
پڑھائی کے دوران ثنا علی پر ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کی ماں کو اپنے زیور بھی گروی رکھنے پڑ گئے۔ انہوں نے اپنی تعلیم کے دوران ہی بچوں کو ٹیوشن پڑھا کر بھی مالی مسائل کے حل کی راہ نکالی۔
ثنا علی کا کہنا ہے کہ لوگوں کو بیٹیوں کے حوالے سے اپنی سوچ بدلنے کی ضرورت ہے۔ بیٹیاں خوب پڑھائی کریں اور ان کے خوابوں کو بھی پر لگنے چاہئیں تاکہ پرواز آسمان تک بلند ہوسکے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ سمیت دیگر شخصیات نے ثنا علی کو مبارکباد دی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








