بھارتی فوجی ذہنی دباؤ اور پریشانی میں مبتلا! ایک جوان نے اپنی ہی زندگی کا چراغ گل کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو بھارتی میڈیا)

بھارتی ریاست اوڈیشہ کے ایک فوجی کیمپ میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب اچانک گولی چلنے کی آواز نے خاموشی توڑ دی۔ افسران اور اہلکار دوڑتے ہوئے موقع پر پہنچے تو منظر دل دہلا دینے والا تھا کہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک اہلکار خون میں لت پت زمین پر پڑا آخری سانسیں لے رہا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اہلکار نے اپنی سرکاری رائفل سے انتہائی قریب سے کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کی۔ فائر کی آواز سنتے ہی کیمپ میں افراتفری مچ گئی اور اہلکار کو فوری طور پر قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے جان بچانے کی بھرپور کوشش کی مگر زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ دم توڑ گیا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ گولی نہایت قریب سے ماری گئی تھی جس کے باعث زخم جان لیوا ثابت ہوا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر اہلکار کی سرکاری رائفل موجود تھی جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی خودکشی کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اوڈیشہ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار کے کمرے سے کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا تاہم ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ وہ گھر کے قریب تعیناتی نہ ملنے پر ذہنی دباؤ اور شدید پریشانی کا شکار تھا۔

ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اہلکار کی میت اس کے آبائی گاؤں روانہ کر دی گئی جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارت میں ایسی کمیٹیوں کی رپورٹس شاذ و نادر ہی منظرِ عام پر آتی ہیں اور اکثر ذمہ داروں کا تعین بھی نہیں ہو پاتا۔؎

واضح رہے کہ بھارت میں فوجی اور نیم فوجی اہلکاروں میں ذہنی دباؤ، پست ہمتی اور نفسیاتی مسائل کے باعث خودکشی کے واقعات ایک سنگین اور مستقل مسئلہ بنتے جا رہے ہیں۔ اگرچہ بھارتی وزارت دفاع اس حوالے سے رپورٹس جاری کر چکی ہے لیکن زمینی حقائق اب بھی تشویش ناک تصویر پیش کرتے ہیں۔

Related Posts