بھارتی اسٹنٹ آرٹسٹ موہن راج تمل ناڈو کے ناگاپٹنم علاقے میں فلم ویٹووم کے لیے کار اسٹنٹ کرتے ہوئے شدید زخمی ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس نے صارفین کو غمگین کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، موہن راج ایک کار پلٹنے کا اسٹنٹ کر رہے تھے جب گاڑی کا توازن بگڑ گیا، یہ ریمپ سے ہٹ کر ہوا میں کئی بار گھومی اور گر کر تباہ ہو گئی۔ فلم کے عملے کو واقعے کی سنگینی کا احساس ہونے میں کئی سیکنڈ لگے، جس کے بعد وہ گاڑی کی طرف دوڑے۔
اسٹنٹ آرٹسٹ کو شدید زخمی حالت میں نکالا گیا اور فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اداکار وشال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر موہن راج کی موت کی تصدیق کی اور اپنے دکھ کا اظہار کیا۔
اپنے پیغام میں وشال نے کہا کہ یہ حقیقت ہضم کرنا بہت مشکل ہے کہ اسٹنٹ آرٹسٹ موہن راج آج صبح فلم کے لیے کار پلٹنے کے سین کی شوٹنگ کے دوران انتقال کر گئے۔ میں انہیں کئی سالوں سے جانتا ہوں، اور انہوں نے میری کئی فلموں میں خطرناک اسٹنٹ کیے ہیں۔
So difficult to digest the fact that stunt artist Raju passed away while doin a car toppling sequence for jammy @arya_offl and @beemji Ranjith’s film this morning. Hav known Raju for so many years and he has performed so many risky stunts in my films time and time again as he is…
— Vishal (@VishalKOfficial) July 13, 2025
اداکار نے مزید کہا کہ وہ بہت بہادر انسان تھے۔ میری گہری تعزیت، اور دعا ہے کہ ان کی روح کو سکون ملے۔ امید ہے کہ ان کا خاندان اس عظیم نقصان سے نمٹنے کی ہمت پائے گا۔ یہ صرف ایک ٹویٹ نہیں ہے، میں یقینی طور پر ان کے خاندان کے مستقبل کے لیے کھڑا ہوں گا کیونکہ ہم ایک ہی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھتے ہیں۔ خدا رحم کرے۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد، سوشل میڈیا صارفین نے خوف، غم اور غصے کا اظہار کیا۔ بڑی تعداد میں لوگ اسٹنٹ آرٹسٹ موہن راج کی موت پر سوگ منا رہے ہیں اور ان کے خاندان کے لیے دعائیں مانگتے دیکھے جا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








