ایرانی بحریہ کی جانب سے خلیج عمان کے شمال میں دو بھارتی بحری جہازوں پر براہِ راست فائرنگ کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی کپتان کی منت سماجت کی آڈیو لیک ہوگئی ہے۔
آڈیو ریکارڈنگ میں جہاز کے کپتان کو ایرانی بحریہ سے فائرنگ روکنے کیلئے منت سماجت کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے، کپتان پاسدارانِ انقلاب کی نیوی سے جہاز واپس موڑ کر لے جانے کی اجازت بھی طلب کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر کیے گئے دعوے کے مطابق یہ آڈیو بھارتی تیل بردار جہاز سنمار ہیرالڈ سے لیک ہوئی۔ جہاز پر موجود ایک اہلکار ایرانی بحریہ سے کہتا ہے کہ آپ نے ہمیں خود گزرنے کی اجازت دی، میرا نام آپ کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
کپتان کہتا ہے کہ میرا نام فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہونے کے باوجود آپ ہم پر فائرنگ کر رہے ہیں، ہمیں واپس مڑنے کی اجازت دی جائے۔ خیال رہے کہ بھارتی جہاز سنمار ہیرالڈ عراق سے کم و بیش 20 لاکھ بیرل خام تیل لے کر بھارت جا رہا تھا جبکہ دوسرا جہاز جگ آرنوسعودی عرب سے بھارت کی جانب رواں دواں تھا۔
واقعے کے بعد بھارتی وزارتِ خارجہ حرکت میں آگئی اور بھارت میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر محمد فتح علی کو طلب کرکے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کروایا۔ بھارتی حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ایرانی سفیر تہران کے حکام کو فوری آگاہ کریں اور بھارت جانے والے جہازوں کیلئے آبنائے ہرمز سے گزرنے کا عمل دوبارہ آسان کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








