کراچی کے شہری بھتہ خوری سے پریشان، رینجرز نے بھرپور کارروائی کر ڈالی

تازہ ترین

تازہ ترین

رینجرز
(فوٹو: ڈیلی نیشنل کورئیر)

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے شہری بھتہ خوری سے پریشان ہیں اور خاص طور پر تاجروں سے لوٹ مار کے نتیجے میں معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچتا ہے، پاکستان رینجرز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خور گروہ کی کمر توڑ ڈالی۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز نے نیو کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث صمد کاٹھیاواڑی گروپ کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان بھتہ وصولی کیلئے اکاؤنٹ نمبر بھی فراہم کرتے تھے۔

سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان وصول شدہ رقم کاٹھیاواڑی گروہ کے کارندوں تک پہنچاتے تھے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائی کی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ کراچی میں پولیس کے دعووں کے برعکس بھتہ خور سرگرم ہیں۔ صدر الیکٹرانک مارکیٹ کے تاجر عرفان ظہور کو مبینہ طور پر گینگ وار کے نام پر غیر ملکی نمبروں سے بھتہ دینے کے لیے کالز موصول ہوئیں جس کے بعد انہوں نے تھانہ پریڈی میں مقدمہ درج کروا دیا۔

تاجر عرفان ظہور کے مطابق رواں برس یکم فروری کو انہیں واٹس ایپ پر ایک غیر ملکی نمبر سے کال موصول ہوئی جس میں کال کرنے والے نے اپنا تعارف گینگ وار کا رکن بتایا اور 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔

Related Posts