بھارت میں ایک غیر معمولی اور دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک لڑکی اور لڑکا ریسٹورنٹ میں ملاقات (ڈیٹ) کرتے ہوئے مقامی افراد کے ہاتھ لگ گئے۔
اطلاع کے مطابق واقعہ ایک چھوٹے گاؤں میں پیش آیا جہاں نوجوان جوڑے کو ریسٹورنٹ میں دیکھ کر گاؤں کے لوگوں نے دونوں کو پکڑ لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق اس موقع پر بڑی تعداد میں گاؤں کے لوگ ریسٹورنٹ کے باہر جمع ہوگئے اور نوجوان لڑکے لڑکی کو آداب و روایات کے برخلاف رویے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں گاؤں کے بڑوں نے فیصلہ سنایا کہ دونوں کی شادی فوراً کروا دی جائے تاکہ بے راہ روی کو روکا جا سکے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ گاؤں کے افراد نے اجتماعی طور پر انتظامات کیے اور موقع پر ہی نکاح کے بعد نوجوان جوڑے کو رخصت کیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگ شادی کی تقریب میں شریک نظر آتے ہیں۔
اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف آرا کا اظہار کیا ہے۔ کچھ افراد نے اسے عجیب مگر دلچسپ انصاف قرار دیا جبکہ دیگر نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رشتے کے فیصلے کے لیے دباؤ ڈالنا انسانی آزادی کے منافی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت کے دیہی علاقوں میں اس طرح کے واقعات اکثر دیکھنے کو ملتے ہیں جہاں سماجی دباؤ کے تحت نوجوانوں کو زبردستی شادی پر مجبور کیا جاتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








