بھارتی ویمن بیٹر سمریتی مندھانا کی تاریخی اننگز! پھر بھی بھارت کو ناکامی کا سامنا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ ای ایس پی این)

بھارتی ویمن کرکٹر سمریتی مندھانا نے ون ڈے کرکٹ میں 28 سال پرانا عالمی ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کی تاہم ان کی اس کامیابی کے باوجود بھارت کو ویمنز ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

وشاکاپٹنم میں کھیلے گئے ویمنز ورلڈ کپ 2025 کے دسویں میچ میں جنوبی افریقی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت کی جانب سے دیئے گئے 252 رنز کے ہدف کو جنوبی افریقا نے 48.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

میچ کی خاص بات نادین ڈی کلرک کی دھواں دار اننگز رہی جنہوں نے صرف 54 گیندوں پر 84 رنز اسکور کیے اور چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ انکی اننگز میں 8 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ کپتان لورا وولوارڈٹ 70 اور ٹریون 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ بھارت کی جانب سے اسنیحا رانا اور کرانتی گاڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 215 رنز بنائے۔ ریچا گھوشن نے 77 گیندوں پر 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو بڑا مجموعہ دلانے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ پراتیکا راول نے 37 اور اسنیحا رانا نے 33 رنز کا اضافہ کیا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کول ٹریون نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ نادین ڈی کلرک، میریزین کیپ اور نوکولولیکوملایا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ کے دوران سمریتی مندھانا نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کیا۔ وہ ویمنز ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر بن گئیں۔ انہوں نے 18 میچز میں 4 سنچریوں کی مدد سے 982 رنز بنا کر آسٹریلیا کی بلینڈا کلارک کا 1997 کا 970 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔

مندھانا نے جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے 8ویں اوور میں چھکالگاکر یہ اعزاز حاصل کیا اگرچہ اس میچ میں وہ صرف 23 رنز ہی بنا سکیں۔ وہ ویمنز ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی پہلی کھلاڑی بننے کے قریب ہیں جو ایک ہی سال میں 1000 رنز کا ہندسہ عبور کریں گی۔

Related Posts